لاہور: پاکستان ریلوے نے ملک میں ٹرینوں کو حادثات سے بچانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے کامیاب تجربہ کرلیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ریلوے کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے ٹرینوں کو حادثات سے بچانے کا بڑا اقدام کیا گیا ہے، جس سے ریلوے لائن پر انسانوں، جانوروں یا ٹرانسپورٹ کی موجودگی کی نشاندہی تقریباً ایک کلومیٹر پہلے ٹرین ڈرائیور کو انفرا ریڈ لیزر تھرمل امیجنگ کے ذریعے ہو جائے گی۔
ریلوے انتظامیہ نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ ٹیکنالوجی(یو ای ٹی) کی مدد سے ایک ایسی ڈیوائس تیار کی ہے، جو ڈرائیور کو ریلوے ٹریک پر آنے والے انسان، جانور یا کسی بھی قسم کی ٹرانسپورٹس کو شدید دھند یا اندھیرے میں ایک کلو میٹر کی دُوری سے انفرا ریڈ تھرمل امیجنگ ٹیکنالوجی کی مدد سے فوری نشاندہی کرے گی۔
ریلوے نے یہ آلات اپنے مختلف ٹرینوں کے انجن کے ساتھ لگا دیے ہیں ، جس پر صرف 15 لاکھ کے اخراجات آئے ہیں۔ پاکستان ریلوے نے ملک کے مختلف شہروں میں چلائی جانے والی ٹرینوں میں اس ڈیوائس کو لگا کر تجربات کر لیے، جو کہ کامیاب ثابت ہوئے۔
انفرا ریڈ تھرمل ٹیکنالوجی کی کامیابی کے بعد ریلوے انتظامیہ نے تمام ٹرینوں پر مرحلہ وار یہ آلات لگانے کا کام شروع کر دیا ہے۔ رواں مالی سال کے اختتام تک ریلوے اپنی تقریباً تمام ٹرینوں میں اس جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کر دے گا۔