English Al Qamar Urdu جون 21, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مصر میں اخوان المسلمین کے 8 رہنماؤں کو سزائے موت سنادی گئی

القمر

قاہرہ: مصر میں فوجداری عدالت نے اخوان المسلمین کے 8 رہنماؤں کو سزائے موت سنادی۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق اخوان المسلمین کے سزا پانے والے رہنماؤں میں 80 سالہ محمد بدیع بھی شامل ہیں جو طویل عرصے سے قید میں تھے۔ قبل ازیں محمد بدیع کو سنائی گئی سزائے موت عمر قید می تبدیل کردی گئی تھی، مگر اب پھر انہیں موت کی سزا سنائی گئی ہے۔

فوجداری عدالت نے اخوان المسلمین کے سربراہ محمد بدیع اور نائب سربراہ محمود عزت سمیت 8 رہنماؤں کو سزائے موت سنائی جب کہ دیگر افراد میں سے کچھ کو عمر قید، 6 افراد کو 15 سال قید اور 7 افراد 10 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔

واضح رہے کہ مصر میں فوج کی جانب سے صدر مرسی کی حکومت کا تختہ الٹے جانے کے بعد اخوان المسلمین کے رہنماؤں کو فوجداری عدالتوں سے سزاؤں کا سامنا ہے۔ مصر میں تنظیم کو 2013ء میں دہشت گرد بھی قرار دیا گیا تھا۔ مصری حکومت نے ملک میں ہونے والے فسادات کی ذمے داری اخوان المسلمین پر عائد کی تھی۔

عدالت نے ملزمان کو جون تا اگست 2013ء میں سابق منتخب مصری صدر محمد مرسی کے حق میں دھرنے اور مظاہرے کرنے، انتشار پھیلانے، تخریب کاری اور املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں سزا سنائی ہے۔

صدر مرسی کی حکومت کا تختہ الٹے جانے کے بعد سے اسلام پسند تنظیم کے کئی رہنماؤں کو اب تک سزائے موت دی جا چکی ہے، جن میں 79 سالہ محمود عزت بھی شامل ہیں۔ انہیں 2020ء میں گرفتار کرنے کے بعد موت کی سزا دی گئی۔ ان کے علاوہ دیگر رہنما محمد البلتاگی، عمرو محمد ذکی، اسامہ یاسین، صفوت ہیگزی، عاصم عبدالمجید اور محمد عبدالمقصود کو بھی سزائے موت سنائی گئی ہے۔

2013 ءمیں مصری فوج نے اخوان سے تعلق رکھنے والے ملک کے پہلے منتخب صدر محمد مرسی کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کرلیا تھا جس کے بعد سے اخوان المسلمین کے متعدد رہنماؤں پر مقدمات قائم کیے جاچکے ہیں اور سیکڑوں کو قید اور سزائیں دی جاچکی ہیں۔ اخوان کے کئی قائدین کو پھانسی کی سزائیں دی گئیں ہیں جب کہ معزول صدر محمد مرسی بھی دوران قید انتقال کرگئے تھے۔

The post مصر میں اخوان المسلمین کے 8 رہنماؤں کو سزائے موت سنادی گئی appeared first on Daily Jasarat News.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے