کابل:امارت اسلامیہ افغانستان کے شہر قندھار میں نجی بینک کے قریب خودکش دھماکے میں 3 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق افغانستان کے انفارمیشن اینڈ کلچر ڈائریکٹر انعام اللہ سمنگانی نے خود کش دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نجی بینک کے باہر تنخواہ لینے والے افراد پر خود کش بم حملہ ہواہے، جس میں 3افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوئے ہیں۔
ریسکیو کرنے والی ٹیموں کے مطابق خودکش حملے میں 12 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے 5 کی حالت نازک بتائی گئی ہے، مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
دھماکا ہوتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے علاقے کی ناکا بندی کرکے تفتیش کا عمل شروع کردیا ہے، تاحال کسی بھی شدت پسند گروپ نے خود کش حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے
خیال رہے کہ طالبان کے افغانستان میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے خود کش حملوں میں زیادہ تر داعش خراسان ملوث رہی ہے۔
The post افغانستان: خودکش حملہ میں 3 افراد جاں بحق، 12 زخمی appeared first on Daily Jasarat News.
