اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ججز کو دھمکی آمیز خطوط ارسال کرنے کے معاملے میں تحریک انصاف کا ہمدرد گروپ ملوث ہو سکتا ہے۔
ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ کوئی ایسا گروپ جو تحریک انصاف کے زیر اثر ہو یا تحریک انصاف کے لیے ہمدردہ رکھتا ہو، وہ ججوں کو دھمکی آمیز خط بھجوانے کے معاملے میں ملوث ہو سکتا ہے کیوں کہ ججوں کو ایسے خطوط لکھنے کے نتیجے میں اس کی بینفشری پی ٹی آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف تو کسی طرح کا کوئی مقدمہ عدالتوں میں نہیں ہے بلکہ ہمیں تو اسلام آباد ہائی کورٹ سے ریلیف بھی ملا ہے۔ ہم ججز کو بھلا دھمکی آمیز خطوط کیوں بھیجیں گے؟۔ انہوں نے کہا کہ اس صورت حال کی بینفشری پی ٹی آئی ہے اور معاملات کو بگاڑنا اس وقت تحریک انصاف ہی کے حق میں ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ یہ معاملہ دراصل عدلیہ کی آزادی کا مسئلہ ہے۔ عدلیہ کو خوداحتسابی کرنا ہوگی۔ عدلیہ کو اسٹیبلشمنٹ سے کسی طرح کی شکایت ہے تو ان کو بھی بلا لیں۔ جج صاحبان کو چاہیے تھا کہ جس وقت ایسا ہوا تھا، اسی وقت ایگزیکٹو کو معاملے کی تحقیقات کے لیے کہتے۔

