اسلام آباد: سپریم کورٹ نے ٹریبونلز تشکیل کیس میں لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ اور الیکشن کمیشن کا نوٹی فکیشن معطل کردیا۔
رپورٹ کے مطابق چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ نے کیس کی سماعت کی۔
سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کا 26 اپریل کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کا 26 اپریل کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا جبکہ الیکشن کمیشن کا لاہور ہاٸیکورٹ سے پینل مانگنے کا خط بھی معطل قرار دے دیا گیا۔
سماعت کے آغاز پر الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ الیکشن ٹربیونلز کی تشکیل الیکشن کمیشن کا اختیار ہے۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے چیف جسٹس پاکستان پر اعتراض اٹھا دیا، وکیل پی ٹی آئی نیاز اللہ نیازی نے کہا کہ ہم اپنا اعتراض ریکارڈ پر لانا چاہتے ہیں، کیس کو کسی اور بینچ میں بھیجا جائے۔
وکیل کا کہنا تھا کہ میرے مؤکل کا اعتراض ہے کہ چیف جسٹس بینچ میں نہ بیٹھیں، یہ کیس کسی دوسرے بینچ کو بھیجا جائے۔
جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ کا اعتراض سن لیا ہے اب آپ تشریف رکھیں، اس وقت الیکشن کمیشن کے وکیل دلائل دے رہے ہیں۔
چیف جسٹس سے نے سلمان اکرم سے سوال کیا کہ کیا آپ نے مجھ پر اعتراض کیا تھا؟
اس پر سلمان اکرم نے جواب دیا میں نے اپنی ذاتی حیثیت میں اعتراض نہیں کیا تھا۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ بہت ہوگیا ،معاملہ پاکستان بار کونسل کو بھیجیں گے، پہلے روز اعتراض اٹھانے والے کو فریق بنتے وقت کسی پر اعتراض نہیں تھا، بہت عدالتی اسیکنڈالائزیشن ہوگئی، ہم ایسے رویے پر کارروائی کا کہیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلے روز 2 رکنی بینچ میں میں شامل تھا، تب اعتراض نہیں کیا گیا، اعتراض تھا تو پہلے ہی دن اٹھانا چاہیے تھا، آج آکر زبانی بینچ پر اعتراض کردیا۔ بینچ پر اعتراض اٹھاکر ہیڈ لائنز بنوانا چاہتے ہیں۔
جس پر جسٹس جمال مندوخیل نے وکیل نیاز اللہ نیازی سے دریافت کیا کہ آپ بتائیں کیا اعتراض ہے؟ وجہ بتائیں کہ آپ کو کیوں اعتراض ہے، پہلے دن آپ کو اعتراض نہیں تھا؟
بعد ازاں چیف جسٹس قاضی فائز عیسی نے مزید ریمارکس دیے کہ جب دو ممبر بینچ تھا تب کیوں اعتراض نہیں کیا؟
بعد ازاں الیکشن کمیشن کے وکیل سکندر بشیر نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ نیاز اللہ نیازی جن کے وکیل ہیں انہوں نے فریق بننے کی استدعا کر رکھی ہے، عدالت نے گزشتہ سماعت پر اٹارنی جنرل کوبھی معاونت کے لیے نوٹس جاری کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے ان کی فریق بننے کی استدعا منظور کر لی تھی، عدالت نے گزشتہ حکم نامہ میں دیگر صوبوں میں ٹربیونلز کی تشکیل کا ریکارڈ مانگا تھا۔
جسٹس عقیل عباسی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کا 15 فروری کا خط جمع کرائیں وہ بہت ضروری ہے، آپ نے پینل مانگا تھا اس کا کیا مطلب ہے؟ اگر ججز کی فہرست درکار تھی تو ویب سائٹ سے لے لیتے؟ کیا چیف جسٹس الیکشن کمیشن کی پسند نا پسند کا پابند ہے؟
بعد ازاں سپریم کورٹ نے لاہور ہائی کورٹ کے ٹریبونلز سے متعلق آرڈر پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
واضح رہے کہ 13 جون کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے لاہور ہائی کورٹ کا الیکشن ٹربیونلز کی تشکیل کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا تھا۔

