لاہو ر(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر عطا الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان کی تکمیل قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ سے مکمل ہو گی، 77برس گزر گئے، ملک کو ایک دن کے لیے بھی قرآن و سنت کی پیروی کرنے والی حکومت اور حکمران نصیب نہیں ہوئے، پاکستان پر طاغوتی نظام کے محافظ مسلط ہو گئے۔وہ جامع مسجد منصورہ میں 44ویں سالانہ دورہ تفسیر القرآن کے شرکا سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر شیخ القرآن و الحدیث مولاناعبدالمالک، حافظ سیف الرحمن و دیگر بھی موجود تھے۔ڈاکٹر عطا الرحمن نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ وسائل، معدنیات، جفاکش نوجوانوں کی دولت سے نوازا ہے، لیکن عوام ان نعمت خداوندی سے محروم اس لیے ہیں کہ انھوں نے اللہ کے باغیوں کو اپنے سروں پر مسلط کر کے انھیں اقتدار کے منصب پر دوام بخشا ہے۔ حکمران ملکی وسائل اور قومی دولت کو بے دردی سے لوٹ رہے ہیں، عیاشیاں کر رہے ہیں جبکہ عوام دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ڈاکٹر عطا الرحمن نے کہا کہ قوم کو فیصلہ کرنا ہو گا کہ اب وہ ملک و دین اسلام کے داعی، منبرومحراب کے وارثوں کو اقتدار کے منصب پر بٹھائیں گے تاکہ اسلامیان پاکستان کو ملک میں شریعت محمدیؐ کا دور دیکھنا نصیب ہو، ان کے لیے ملکی وسائل دستیاب ہوں تاکہ خوشحالی ان کا مقدر بنے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کے لیے عمل پیرا ہے اور یہاں قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد کر رہی ہے، عوام اسلامی و خوشحال پاکستان کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔
