English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر پارٹی سے نکالے گئے شیر افضل مروت نے خاموشی توڑ دی

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر گزشتہ روز پارٹی سے نکالے جانے پر رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے خاموشی توڑ دی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں شیر افضل مروت نے لکھا کہ ہمشہ پی ٹی آئی اور عمران خان کے ساتھ وفادار رہا اور اپنے اصولوں پر کھڑا رہوں گا، مجھے حالیہ فیصلے سے سخت دکھ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ان افراد نے دلوایا ہو جنہوں نے مجھے کبھی پارٹی میں قبول ہی نہیں کیا تاہم میں نے کبھی ذاتی تنازعات میں پڑنے کی کوشش نہیں کی اور پارٹی کے اندر کسی گروپ کے بجائے ہمیشہ عمران خان کے وژن کے ساتھ کھڑا ہوا۔

شیر افضل مروت  نے کہا کہ میں معلومات کی محدود رسائی اور ان لوگوں کی موجودگی کہ جن کے اقدامات پارٹی کے لیے مفید نہیں سمیت عمران خان کو درپیش چیلنجز کو سمجھتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ پی ٹی آئی کے ورکرز جو انصاف کے لیے میرے ساتھ کھڑے ہو ہوئے، وہ ٹھیک بات کے لیے آئندہ بھی کھڑے رہیں گے۔

اپنی پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ مشکل حالات میں ڈٹے رہنے والے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں سے کہوں گا کہ ناانصافی کے خلاف آواز اٹھائیں، میں اپنی پوزیشن قومی میڈیا پر آج رات واضح کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی ائی میرے لیڈر ہیں اور رہیں گے، میری جد و جہد کسی ذاتی مفاد کے لیے نہیں ہے، میری جد وجہد تحریک انصاف کے وقار اور ہم سب کے مشترکہ وژن کے لیے ہے، اگر پارٹی نے اپنے فیصلے پر نظر ثانی نہیں کی تو میں اسے عزت سے قبول کروں گا لیکن کبھی بھی رعایت نہیں مانگوں گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر شیر افضل مروت کو پارٹی پالیسیوں کی مسلسل خلاف ورزی پر پی ٹی آئی سے نکال دیا تھا اور انہیں قومی اسمبلی کی رکنیت چھوڑنے کا بھی کہا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے