اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس طارق محمود جہانگیری نے وکلا کی گاڑیوں پر “ایڈووکیٹ” لکھنے کو غیر قانونی قرار دے دیا۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے وکلا میں سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے وکلا کو نصیحت کی کہ قانون کی بالادستی ہر کسی کے لیے یکساں ہونی چاہیے اور کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ اکثر وکلا مکمل تیاری کے بغیر عدالت میں پیش ہوتے ہیں، جو کہ ایک افسوسناک رویہ ہے،جب ہمیں ہائیکورٹ کا کیس ملتا تھا تو ساری رات اس کی تیاری کرتے تھے، وکلا کو چاہیے کہ وہ مقدمات کے لیے مکمل تیاری کے ساتھ پیش ہوں تاکہ انصاف کی فراہمی بہتر ہو۔
جسٹس طارق محمود جہانگیری کاکہنا تھا کہ “وکالت کا آغاز ایک پھٹے سے کیا، آج ہائیکورٹ کا جج ہوں، وکالت کی شروعات انتہائی سادہ اور مشکل حالات میں کی۔
انہوں نے مزید کہامیں نے کسی بھی عہدے کے لیے سفارش نہیں کرائی،اپنی محنت اور ایمانداری کی وجہ سے ہائیکورٹ کا جج بنا اور کنفرم ہوا،جج بننے کے لیے بھی کسی کی سفارش نہیں لی بلکہ اپنے کام کے ذریعے پہچان بنائی۔
جسٹس طارق جہانگیری نے واضح الفاظ میں کہا کہ وکلا کو اپنی گاڑیوں پر “ایڈووکیٹ” لکھنے کا کوئی قانونی حق نہیں،گاڑیوں پر خصوصی نمبر پلیٹس قانون کی خلاف ورزی کے مترادف ہیں،قانون سب کے لیے برابر ہے اور کسی کو بھی غیر ضروری استثنیٰ نہیں دیا جا سکتا۔

