پشاور: خیبر پختونخوا (کے پی کے) کے علمائے کرام نے آرمی چیف جنرل حافظ عاصم منیر کے قرآن و حدیث کے بارے میں علم و فہم کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق یہ تعریفی بیانات آرمی چیف کی پاکستان بھر کی یونیورسٹیوں کے طلبہ کے ساتھ خصوصی نشست کے بعد سامنے آئے، جس میں جنرل عاصم منیر نے قرآن و حدیث کی روشنی میں مدلل اور جامع گفتگو کی۔
علمائے کرام نے کہا کہ آرمی چیف کے دلائل نے انہیں اطمینان بخشا اور وہ اس موقف کی مکمل تائید کرتے ہیں۔
جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولوی احمد شاہ نے کہا کہ آرمی چیف کے بیان سے انہیں بہت سکون ملا اور وہ ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
مفتی حکیم علی نے خوارج سے متعلق آرمی چیف کے قرآنی حوالے کی تائید کی اور اسے بالکل درست قرار دیا۔
اسی طرح مولانا شاہ نواز نے کہا کہ ہم تمام مذہبی فکر رکھنے والے افراد پاک فوج اور اپنے سپہ سالار کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور جنرل عاصم منیر صرف حافظ قرآن ہی نہیں بلکہ ایک باصلاحیت انسان بھی ہیں۔

