حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا ہے کہ میری والدہ کو حال ہی میں زہر دیا گیا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ بار میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا کہ بھارت نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگز میں ملوث ہے،
ان کا کہنا تھا کہ میں پاکستان اور کشمیر کی بیٹی ہوں، پاکستانی آرمی چیف کا کشمیر کے لیے دس جنگیں لڑنے کا بیان خوش آئند ہے، ہمیں تو یہی پیغام ملتے ہیں کہ سب آپ کے ساتھ ہیں لیکن ہمیں عملی اقدامات چاہئیں۔
مشال ملک نے مزید کہا کہ جب بھی میں یہاں آتی ہوں مجھے بہت ہمت ملتی ہے، کشمیری عوام کو کبھی بھی بھارتی عدلیہ سے انصاف نہیں ملا، میں نہیں سمجھتی کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات ممکن ہیں ،سب لوگ یکجا ہیں اور تحریک کو سپورٹ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وکلاء کمیونٹی نے ہمیشہ کشمیر کا ساتھ دیا، سیاستدانوں کا کام ہے کہ وہ کشمیر کا مقدمہ عالمی رہنماؤں کے سامنے مؤثر انداز میں پیش کریں۔
مشال ملک کا کہنا تھا کہ صرف تقاریر کرنے کے بجائے ان کا باقاعدہ فالو اپ بھی ہونا چاہیے، ہماری پوری تحریک کو لیڈر لیس کیا جا رہا ہے، رہنما جیلوں میں ہیں۔

