پیر کے روز بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ہونے والے دھماکے کے بعد بھارتی میڈیا نے الزام تراشی کا رخ ترکیے کی جانب موڑ دیا۔
بھارتی میڈیا کی متعدد رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ دہلی دھماکے میں ملوث عناصر کو مبینہ طور پر ترکیے سے لاجسٹک سپورٹ فراہم کی گئی۔ ان الزامات پر نئی دہلی میں ترکیے کے سفارتخانے نے سخت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے بھارتی میڈیا کی خبروں کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیا۔
ترک سفارتخانے کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ بھارت کے بعض میڈیا ادارے بدنیتی پر مبنی جھوٹا پروپیگنڈا پھیلا رہے ہیں، جس میں یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ ترکیہ بھارت میں دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہے یا دہشت گرد گروہوں کو مالی اور سفارتی مدد فراہم کرتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ الزامات محض جھوٹ اور افواہوں پر مبنی مہم کا حصہ ہیں، جن کا مقصد دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو نقصان پہنچانا ہے۔
سفارتخانے نے واضح کیا کہ ترکیہ ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں میں سرگرم کردار ادا کر رہا ہے۔
ترک سفارتخانے نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسے جھوٹے اور گمراہ کن دعوؤں پر یقین نہ کریں جو عالمی امن اور استحکام میں ترکیے کے کردار کو کمزور کرنے کی کوشش ہیں۔