پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل خان آفریدی کے لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور کے دورے کے دوران اپنا تعارف نہ کروانے پر اسپتال انتظامیہ نے متعلقہ ڈاکٹر سے وضاحت طلب کر لی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے جس میں آئندہ 3 یوم میں جواب دینے کی ہدایت دی گئی ہے، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی 25 نومبر 2025 کو دہشت گردی کے شکار اہلکاروں کی عیادت کے لیے اسپتال کے شعبہ ایمرجنسی میں آئے لیکن اس موقع پر متعلقہ ڈاکٹر نے اپنا تعارف پیش نہ کیا اور نہ ہی وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دی جو کہ پروٹوکول اور کوآرڈینیشن کے اصولوں کے بالکل منافی ہے۔
اسپتال کی انتظامیہ نے واضح کیا کہ آئندہ ایسے مواقع پر ضابطہ کار کے مطابق تمام اقدامات کرنا لازمی ہیں تاکہ پروٹوکول کی خلاف ورزی نہ ہو اور دوروں کا مقصد مؤثر طریقے سے حاصل کیا جا سکے۔
