اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ کے سابق جج جسٹس (ر) شوکت عزیز صدیقی چیئرمین نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن (این آئی آر سی) کے عہدے سے مستعفی ہوگئے، انہوں نے ذاتی وجوہات کی بنا پر عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔
سابق جج شوکت عزیز صدیقی نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو سیکریٹری وزارت اوورسیز پاکستانیز کے ذریعے معاہدہ ختم کرنے کا نوٹس بھجوا دیا۔
نوٹس کے مطابق دستخط کنندہ کو 2 دسمبر 2024 کو چیئرمین این آئی آر سی تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن جاری ہوا تھا جب کہ انہوں نے 4 دسمبر 2024 کو چیئرمین این آئی آر سی کا عہدہ سنبھالا تاہم ذاتی وجوہات کی بنا پر اب دستخط کنندہ کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا اور فرائض انجام دینا ممکن نہیں رہا۔
شوکت عزیز صدیقی کے مطابق معاہدہ ختم کرنے کے لیے معاہدے کی شق XII کے تحت ایک ماہ کا نوٹس دیا جا رہا ہے۔
