کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع سبی اور اس کے ملحقہ علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 3.2 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی زیرِ زمین 11 کلومیٹر تھی۔
حکام کے مطابق زلزلے کا مرکز سبی سے تقریباً 53 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع تھا۔ جھٹکے محسوس ہوتے ہی لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔ تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے سے کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ متعلقہ ادارے صورتِ حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
