English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

برازیل: طوفانی آندھی کے باعث اسٹیچو آف لبرٹی کا مجسمہ زمین بوس، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

القمر

جنوبی برازیل میں شدید موسمی طوفان نے غیر معمولی منظر پیش کر دیا، جہاں تیز اور طاقتور آندھی کے باعث اسٹیچو آف لبرٹی کی طرز پر نصب ایک دیوہیکل مجسمہ زمین بوس ہو گیا۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس نے صارفین کو حیرت اور تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ برازیل کے شہر گویبا میں پیش آیا، جہاں ایک فاسٹ فوڈ آؤٹ لیٹ کے قریب نصب 24 میٹر بلند مجسمہ تیز ہواؤں کے دباؤ کو برداشت نہ کر سکا اور اچانک گر کر مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر گردش کرنے والی ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ شدید آندھی کے دوران مجسمہ پہلے آہستہ آہستہ ایک جانب جھکتا ہے اور پھر چند ہی لمحوں میں زور دار آواز کے ساتھ زمین پر آ گرتا ہے۔

ویڈیو میں یہ منظر بھی دکھائی دیتا ہے کہ اس وقت قریبی سڑک پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں تھی، جس سے ممکنہ خطرات کی
سنگینی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق خوش قسمتی سے حادثے کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا، تاہم واقعے نے شہریوں میں خوف و ہراس ضرور پھیلا دیا۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر یہ جانچ کی جا رہی ہے کہ آیا مجسمے کی بنیاد یا تعمیراتی معیار میں کوئی خامی تھی یا شدید موسمی حالات ہی اس حادثے کی بنیادی وجہ بنے، مستقبل میں ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کا بھی ازسرنو جائزہ لیا جائے گا۔

دوسری جانب مجسمہ نصب کرنے والی کمپنی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ حادثے کے وقت اردگرد کا علاقہ تقریباً خالی تھا، جس کی وجہ سے کوئی شہری زخمی نہیں ہوا۔ کمپنی کے مطابق شدید موسم کے باعث پہلے ہی احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی تھیں۔

واضح رہے کہ واقعے سے قبل شہری انتظامیہ نے خراب موسم کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کر رکھا تھا اور عوام کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت دی گئی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے