اسلام آباد: انسداد دہشتگردی عدالت نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اور دیگر نامزد ملزمان کے خلاف اشتہاری کارروائی کا آغاز کر دیا۔
عدالتی احکامات کے تحت جوڈیشل کمپلیکس سمیت مختلف نمایاں مقامات پر ملزمان کی طلبی کے نوٹسز آویزاں کر دیے گئے ہیں، جن میں انہیں فوری طور پر عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
عدالتی ذرائع کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت نے اپنے تحریری نوٹسز میں واضح کیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی، مینا خان، امجد خان، شفیع اللہ جان اور امجد آفریدی مسلسل عدالتی احکامات کی تعمیل سے گریزاں ہیں یا روپوش ہیں، جس کے باعث عدالت کو قانون کے مطابق سخت کارروائی کا راستہ اختیار کرنا پڑا۔
نوٹسز میں ان تمام افراد کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ مقررہ وقت کے اندر عدالت کے سامنے پیش ہو کر اپنا مؤقف پیش کریں۔
انسداد دہشتگردی عدالت کی جانب سے آویزاں کیے گئے نوٹسز میں کہا گیا ہے کہ یہ ملزمان کے لیے آخری موقع ہے، تاکہ وہ سیکشن 87 کے تحت جاری کارروائی سے قبل عدالت میں حاضری یقینی بنا سکیں۔
عدالتی حکام کا کہنا ہے کہ اگر اس آخری موقع کے باوجود ملزمان عدالت میں پیش نہ ہوئے تو انہیں باضابطہ طور پر اشتہاری قرار دے دیا جائے گا، جس کے بعد ان کے خلاف مزید سخت قانونی اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔
عدالت کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹسز میں یہ بھی درج ہے کہ اشتہاری قرار دیے جانے کی صورت میں ملزمان کی گرفتاری کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مکمل اختیار حاصل ہوگا ۔
عدالتی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ نوٹسز کی تعمیل نہ ہونے کی صورت میں عدالت قانون کے مطابق مزید سخت اقدامات کرے گی اور کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔
