گلگت بلتستان میں اگلے ماہ منعقد ہونے والے عام انتخابات کو سیاسی جماعتوں کی اکثریتی رائے کے بعد ملتوی کر دیا گیا ہے۔
یہ اعلان چیف الیکشن کمشنر جی بی راجہ شہباز خان نے آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا، جس میں انہوں نے واضح کیا کہ ناموافق موسمی حالات میں انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں۔
چیف الیکشن کمشنر کے مطابق مجموعی طور پر 13 سیاسی جماعتوں نے انتخابات ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا، جبکہ چھ جماعتوں نے موجودہ شیڈول کے مطابق انتخابات کرانے کی حمایت کی۔
ان کی ہدایت کے بعد الیکشن کمیشن نے جماعتوں کی رائے کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا کہ انتخابات فی الحال ملتوی کیے جائیں۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 24 جنوری 2026 کو گلگت بلتستان کے عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا تھا، تاہم سیاسی جماعتوں کی مشاورت کے بعد اسے مؤخر کر دیا گیا ہے تاکہ انتخابی عمل شفاف اور محفوظ طریقے سے انجام پایا جا سکے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ نئے شیڈول کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا اور تمام سیاسی جماعتوں اور عوام کو بروقت مطلع کیا جائے گا تاکہ انتخابات کے انعقاد میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔
