راولپنڈی: توشہ خانہ کیس اور اس میں عمران خان و بشریٰ بی بی پر الزامات کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر سعودی عرب کے دورے کے دوران حاصل ہونے والے قیمتی تحائف میں غیر قانونی غبن کا الزام ہے۔
رپورٹ کے مطابق 7 سے 10 جولائی 2021 کے دوران سعودی عرب کے دورے میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو ایک قیمتی گراف جیولری سیٹ بطور تحفہ موصول ہوا، جسے انہوں نے اپنے پاس رکھنے کے لیے آدھی قیمت ادا کی۔
استغاثہ کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں انعام اللہ شاہ نے صہیب عباسی پر دباؤ ڈال کر تحفے کی اصل قیمت 7 کروڑ روپے سے زائد ہونے کے باوجود صرف 58 لاکھ روپے ظاہر کروائی، جسے قانونی طور پر توشہ خانہ کے اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔ کیس میں انعام اللہ شاہ اور صہیب عباسی دونوں بانی اور بشریٰ بی بی کے خلاف اہم گواہ بھی ہیں۔
توشہ خانہ ٹو کیس کی قانونی کارروائی نیب قوانین کے تحت شروع ہوئی، جہاں 7 جنوری 2024 کو چیئرمین نیب نے انویسٹی گیشن کی منظوری دی۔ بعد ازاں 19 اگست 2024 کو نیب نے احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا۔
نیب ترامیم کے بعد سپریم کورٹ کی بحالی کے تحت 9 ستمبر کو احتساب عدالت نے کیس ایف آئی اے کی عدالت کو منتقل کیا، جہاں یہ کیس گزشتہ 15 ماہ سے زیر سماعت ہے۔
استغاثہ نے ٹرائل کے دوران مجموعی طور پر 20 گواہ پیش کیے تاکہ یہ واضح کیا جا سکے کہ بانی اور بشریٰ بی بی نے توشہ خانہ کے قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تحائف میں غیر قانونی فائدہ اٹھایا۔
