سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہمارے حکمرانوں نے کشمیریوں کے خون اور ناموس کو اپنی سیاست کے لیے استعمال کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 5 فروری ظلم کے خلاف جدوجہد، حق کی حمایت اور آزادی کی تحریک کا دن ہے، اور انصاف کے نام پر بنی اقوام متحدہ کو اب کشمیر کے معاملے پر حرکت میں آنا ہوگا۔
مولانا فضل الرحمان نے اعلان کیا کہ جے یو آئی آج بھرپور طریقے سے یومِ یکجہتی کشمیر منائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد میں بھارت کا منفی رویہ اور ہٹ دھرمی سب سے بڑی رکاوٹ ہے، جبکہ اقوام متحدہ خود بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سات دہائیاں گزرنے کے باوجود 1948 اور 1949 کی قراردادوں پر عملدرآمد کے لیے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کیے گئے۔ بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ تسلط پر عالمی برادری کو سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کشمیر کے شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور بھارت کے مظالم تاریخ کا سیاہ ترین باب ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ عالمی طاقتیں بھارتی ظلم پر کب بولیں گی اور کشمیری عوام کو انصاف کب ملے گا۔
