صادق پبلک اسکول نے تیسرے انٹرنیشنل بائی لنگول تقریری مقابلے میں میدان مار لیا

شاندار کامیابی، طلبہ نے تمام اعزازات اپنے نام کر لیے، ٹیم ٹرافی بھی جیت لی

October 31, 2026 · اہم خبریں

صادق پبلک اسکول کے طلبہ پی اے ایف کیڈٹ کالج لوئر ٹوپا میں تقریری مقابلے کی ٹرافیاں کے ساتھ موجود ہیں۔

صادق پبلک اسکول کے طلبہ پی اے ایف کیڈٹ کالج لوئر ٹوپا میں تقریری مقابلے کی ٹرافیاں کے ساتھ موجود ہیں۔

صادق پبلک اسکول (ایس پی ایس) نے پی اے ایف کیڈٹ کالج، لوئر ٹوپا مری میں ہفتے کے روز منعقد ہونے والے “”تیسرے انٹرنیشنل انٹر کالجیٹ بائی لنگول تقریری مقابلے 2026″” میں شاندار کامیابی حاصل کر کے تمام نمایاں اعزازات اپنے نام کر لیے ہیں۔ اسکول نے انفرادی پوزیشنوں کے ساتھ ساتھ تمام اداروں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اوورال فرسٹ پوزیشن ٹیم ٹرافی بھی اپنے نام کر لی ہے۔

صادق پبلک اسکول کے طالب علم سید علی زین العابدین نے انگریزی تقریری مقابلے میں بہترین تقریر کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ جبکہ ان کے ساتھی حسین سلیمی نے اردو تقریری مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاهرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن اپنے نام کی، جس کی بدولت اسکول نے دونوں زبانوں میں اپنی برتری ثابت کی اور ٹیم چیمپئن شپ کی ٹرافی اٹھائی۔

اس پروقار مقابلے میں ملک بھر کے 24 نامور تعلیمی اداروں کے 48 مقررین نے بھرپور انداز میں حصہ لیا۔ حصہ لینے والے اداروں میں اے پی ایس چنار مری، آغوش کالج مری، فاطمہ گرلز کیڈٹ کالج مری، پریزنٹیشن کنوینٹ ہائی اسکول مری، کنوینٹ آف جیزس اینڈ میری مری، ایف آئی سی کالج لوئر ٹوپا مری، لارنس کالج مری، فضائیہ انٹر کالج ای نائن اسلام آباد، فضائیہ انٹر کالج نور خان راولپنڈی، صادق پبلک اسکول راولپنڈی، بیکن ہاؤس راولپنڈی، ملٹری کالج مری، پی اے ایف کالج سرگودھا، گرلز کیڈٹ کالج مردان، روٹس ملینیئم اسکول پائن کیمپس ایبٹ آباد، کرنل شیر خان کیڈٹ کالج، چناب کالج جھنگ، کیڈٹ کالج مظفر آباد، پاکستان اسکاؤٹس کیڈٹ کالج بتراسی، ملٹری کالج جہلم، ایبٹ آباد پبلک اسکول ایبٹ آباد، آرمی برن ہال کالج ایبٹ آباد، صادق پبلک اسکول بہاولپور، اور کیڈٹ کالج پلندری آزاد کشمیر شامل تھے۔ ہر ادارے کے دو رکنی وفد نے جیوری کے سامنے انگریزی اور اردو تقریری کے شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

صادق پبلک اسکول کی انتظامیہ اور اساتذہ نے کامیاب طلبہ کو اس شاندار کارکردگی پر دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ دہری فتح اسکول کی اعلیٰ ادبی صلاحیتوں، فنِ خطابت اور مقابلے کے صحت مند جذبے کو فروغ دینے کی مسلسل کوششوں کا شاندار نتیجہ ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں