(6 نومبر 2026): امریکی ریاست ورجینیا میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں شوہر نے خودکشی کرنے پر بیوی کی لاش کے ٹکڑے کر دیے۔
ورجینیا کی مقامی عدالت میں بیوی (ممتا) کے قتل کے الزام کا سامنا کرنے والے بھارتی نژاد شخص نریش بھٹ نے بتایا کہ اس نے ممتا کو مردہ پانے کے بعد اس کی لاش کے ٹکڑے کیے۔
نریش بھٹ نے عدالت میں دعویٰ کیا کہ ممتا نے خودکشی کی تھی، بیوی کو بستر کے پاس فرش پر بے ہوش پایا، اس نے مبینہ طور پر گولیاں اور انتہائی زہریلا کیڑے مار دوا کھا لی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:
ملزم پر 2024 میں لاپتا ہونے والی 28 سالہ بیوی کے قتل، اس کی لاش کی بے حرمتی اور اسے چھپانے کے الزامات ہیں۔ متاثرہ خاتون کو آخری بار 29 جولائی 2024 کو ایک ویڈیو کال کے دوران دیکھا گیا تھا۔
جان بچانے کی کوششیں
ملزم نے عدالت کے سامنے خود کو بے قصور قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نے بیوی کو بچانے کیلیے سی پی آر سمیت دیگر جان بچانے والے اقدامات کیے، اس کے بعد آری مشین سے لاش کے ٹکڑے کیے، لاش کے ٹکڑے کرنے کے بعد خودکشی کی کوشش بھی کی۔
میں واقعی خوفزدہ تھا
بیوی کو بے ہوش پانے کے بعد 911 یا ایمبولینس کو کال نہ کرنے کے بارے میں پوچھے جانے پر نریش بھٹ نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ میں نے ایسا کیوں نہیں کیا، میں نے کال کرنے کی کوشش کی، میں واقعی خوفزدہ تھا، مجھ پر کچھ طاری ہوگیا تھا اور میں گھبرایا ہوا تھا۔
خاتون کی لاش دو سال سے زائد عرصے تک لاپتا رہی
واضح رہے کہ یہ حیران کن دعویٰ ٹرائل شروع ہونے کے پانچ ہفتے بعد سامنے آیا۔ خاتون کی لاش دو سال سے زائد عرصے تک لاپتا رہی۔ ممتا کے کام پر نہ آنے کے بعد 5 اگست کو اس کے لاپتا ہونے کی رپورٹ درج کروائی گئی۔
پولیس نے 22 اگست کو بیڈ روم اور باتھ روم میں خون کے دھبے ملنے کے بعد نریش بھٹ کو گرفتار کیا۔ تفتیش کاروں کو بالوں کے ٹکڑوں والی ایک آری مشین بھی ملی۔
تاہم، اب نریش بھٹ نے عدالت کو بتایا کہ 29 جولائی 2024 کی شام وہ تقریباً رات 8 بجے اپنی بیٹی کے ساتھ سوگیا تھا، لیکن اسے ممتا کے اوپر آنے کی کوئی آواز نہیں آئی، وہ تقریباً صبح 4 بجے اٹھا اور پھر اس نے ممتا کو اپنے بستر کی طرف مردہ پایا۔
ملزم نے لاش چھپانے اور خودکشی کرنے کا فیصلہ کیا
ملزم نے تقریباً ایک گھنٹے تک متاثرہ خاتون کو ہوش میں لانے کی کوشش کی، اسے سی پی آر اور دیگر جان بچانے والے اقدامات کیے۔ جب اس نے کوئی جواب نہیں دیا تو وہ اسے ان کے باتھ روم میں لے گیا۔ واقعے سے صدمے میں آ کر اس نے لاش کو چھپانے اور خودکشی کرنے کا فیصلہ کیا۔
ملزم کے مطابق اس نے باتھ روم میں آری مشین کا استعمال کرتے ہوئے لاش کے ٹکڑے کیے، ٹکڑے کرنے کے بعد اس نے جسم کے اعضا کو کچرے کے تھیلوں میں ڈالا اور پھر انہیں کچرے میں پھینک دیا تاکہ وہ نہ مل سکیں۔
ملزم کو فرسٹ ڈگری قتل اور کئی سزاؤں کا سامنا ہے۔ عدالت کے سامنے اعتراف کر کے نریش بھٹ کو سزائے موت سے بچنے کی امید ہے۔