نئی دہلی: چھٹھ پوجا کے آخری دن عقیدت مندوں کی سہولت کے پیش نظر دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) نے 16 نومبر کو میٹرو خدمات معمول سے پہلے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پیر کو اُوشا اَرگھیہ کے موقع پر میٹرو ٹرینیں صبح 6 بجے کے بجائے صبح 4:30 بجے سے چلنا شروع ہوں گی، تاکہ عقیدت مند طلوع آفتاب کے وقت سورج کو اَرگھی دینے کے لیے اپنے مقررہ مقامات تک آسانی سے پہنچ سکیں۔
ڈی ایم آر سی کے ایک افسر نے اتوار کو بتایا کہ اس خصوصی انتظام کے تحت میٹرو نیٹ ورک کی تمام لائنوں پر خدمات اپنے اپنے ٹرمینل اسٹیشنوں سے بیک وقت صبح 4:30 بجے شروع ہوں گی۔ معمول کی آمدنی والی مسافر خدمات شروع ہونے تک تمام لائنوں پر ٹرینیں 15 منٹ کے وقفے سے چلائی جائیں گی۔ اس کے بعد دن بھر میٹرو کی خدمات مقررہ وقت کے مطابق جاری رہیں گی۔
ڈی ایم آر سی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعے اس خصوصی انتظام کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ چھٹھ پوجا کے آخری دن عقیدت مندوں کی آمد و رفت کو آسان بنانے کے لیے میٹرو خدمات جلد شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس انتظام سے صبح سویرے گھاٹوں اور دیگر مذہبی مقامات پر جانے والے لوگوں کو سہولت ملے گی۔
دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے بھی میٹرو کی خصوصی ٹائم ٹیبل سے متعلق معلومات سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں۔ انہوں نے فیس بک پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ 16 نومبر کو اُوشا اَرگھی کے مقدس موقع پر دہلی میٹرو صبح 4:30 بجے سے چلنا شروع کرے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صبح کے اوقات میں تمام میٹرو لائنوں پر ہر 15 منٹ کے وقفے سے ٹرینیں دستیاب ہوں گی۔
واضح رہے کہ چھٹھ چار روزہ تہوار ہے، جس میں عقیدت مند طلوع آفتاب اور غروب آفتاب کے وقت سورج دیوتا کو اَرگھی پیش کرتے ہیں۔ تہوار کے آخری دن صبح طلوع آفتاب کے وقت دیا جانے والا اَرگھی اُوشا اَرگھی کہلاتا ہے۔ اس رسم کے ساتھ ہی چھٹھ پوجا کا اختتام ہوتا ہے۔