چکوال یونیورسٹی میں خطاب، تعلیمی وظائف محنت کا صلہ ہیں، گرین بسیں اور جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں
چکوال کی ترقی کے لیے پہلے سے زیادہ محنت کروں گی،مریم نواز
لاہور (بیورو رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے میں اب صرف میرٹ کی حکمرانی ہے اور خواتین کے تحفظ کیلئے پنک بٹن فعال کر دیے گئے ہیں۔ چکوال یونیورسٹی میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سکالرشپ اور لیپ ٹاپ کسی حکومتی احسان کے طور پر نہیں بلکہ محنت کا صلہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چکوال میں 2 جدید سکول آف ایمیننس تعمیر کیے گئے ہیں کیونکہ غربت اور وسائل کی کمی ملکی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ چکوال کی ترقی کے لیے پہلے سے بھی زیادہ محنت سے کام کریں گے۔
بچیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ سکیم میں خیبرپختونخوا کا حصہ بھی رکھا گیا ہے اور قابلیت کی حوصلہ افزائی کے لیے کسی صوبے کی کوئی حد بندی نہیں ہوگی۔ لیپ ٹاپ اور سکالرشپس کم آمدن والے خاندانوں کے بچوں کے لیے ایک بڑی نعمت ہیں۔ ان کی بھرپور کوشش ہے کہ پنجاب کا کوئی بھی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے۔ اب محض ڈگری کا وقت گزر چکا ہے اور موجودہ دور جدید سکلز کا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور جیسی جدید گرین بسیں اور بس سٹینڈز اب پنجاب کے تمام اضلاع میں بنائے گئے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ موجودہ دور ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی ترقی اور خودمختاری کا دور ہے، اور ان کی خواہش ہے کہ تمام بیٹیوں کو گھر اور باہر محفوظ ماحول میسر ہو۔ ہراسانی کے واقعات کی فوری رپورٹنگ کے لیے جدید سیفٹی ایپ متعارف کرائی گئی ہے جبکہ متاثرہ بچیوں کے تحفظ کے لیے پنک بٹن بھی فعال کر دیے گئے ہیں۔ صحت کی سہولیات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب چکوال میں کسی شخص کو دل کا عارضہ لاحق ہونے کی صورت میں اسی شہر میں مفت علاج کی سہولت میسر ہوگی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پہلے مرحلے میں 10 سے 15 گرین بسیں پہنچ چکی ہیں جبکہ بچیوں کے لیے پنک اور بچوں کے لیے بلیک اسکوٹیز بھی لائی جا رہی ہیں۔