ترکیہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی معاہدے کی توثیق کردی

ایک رکن ملک پر مسلح حملے کو تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا، جبکہ دیگر دو ممالک دستیاب وسائل کے ذریعے متاثرہ ملک کی مدد کے پابند ہوں گے

November 27, 2026 · اہم خبریں

ترکیہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی معاہدے کی توثیق کردی

ترکیہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی معاہدے کی توثیق کردی

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے، جس کے بعد تینوں ممالک کے دفاعی اتحاد کی توثیق کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔

ترکیہ کے سرکاری گزٹ میں جمعے کے روز جاری ہونے والی تفصیلات کے مطابق صدر اردوان نے معاہدے کی منظوری دی۔ اس سے قبل ترک پارلیمنٹ نے 5 نومبر کو اس معاہدے کی توثیق کی تھی۔

معاہدے کی اہم شق کے تحت کسی ایک رکن ملک پر مسلح حملے کو تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا، جبکہ دیگر دو ممالک دستیاب وسائل کے ذریعے متاثرہ ملک کی مدد کے پابند ہوں گے، جس میں فوجی تعاون بھی شامل ہے۔

ترکیہ کی جانب سے منظوری ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان میں جمعے سے تینوں ممالک کے اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیشن کا دو روزہ اجلاس شروع ہو رہا ہے۔ اسلام آباد میں ہونے والے اس اجلاس میں سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ اور وزرائے دفاع سمیت اعلیٰ حکام شرکت کر رہے ہیں۔

پاکستانی حکام کے مطابق اجلاس میں دفاعی تعاون کے طریقہ کار، مشترکہ کارروائیوں کے لیے ضابطہ کار اور تینوں ممالک کے سیاسی، دفاعی اور فوجی اداروں کے درمیان رابطوں کو منظم کرنے پر بات چیت متوقع ہے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی کہا ہے کہ سعودی عرب کے جنوب میں جاری کشیدگی اجلاس کے ایجنڈے کا حصہ ہوگی۔ یمن میں حوثی گروپ اور سعودی عرب کے درمیان تناؤ بھی اہم موضوعات میں شامل ہے۔

تینوں ممالک نے 7 اگست کو مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ اس اتحاد کا مرکزی فیصلہ ساز فورم اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیشن ہے، جبکہ اس کا مستقل سیکریٹریٹ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں قائم کیا گیا ہے۔

تاہم اتحاد کے تحت مشترکہ فوجی کارروائیوں کے اصول، فوجی دستوں کی تعداد، کمانڈ کا نظام اور ہنگامی ردعمل کا مکمل طریقہ کار تاحال عوامی سطح پر واضح نہیں کیا گیا۔

دفاعی اتحاد کی تشکیل کے ساتھ ہی خطے میں ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی بھی اہمیت اختیار کرگئی ہے۔ پاکستان نے سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ دفاعی تعاون بڑھانے کے باوجود ایران کے ساتھ سفارتی رابطے برقرار رکھنے کی کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں