دہلی جل بورڈ معاملہ: ستیندر جین کی ضمانت منسوخی کے لیے اے سی بی کی عرضی، ہائی کورٹ نے جاری کیا نوٹس

نئی دہلی: دہلی جل بورڈ میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق معاملے میں عام آدمی پارٹی کے (عآپ) رہنما اور دہلی حکومت کے سابق وزیر ستیندر جین کی ضمانت منسوخ کرنے کے لیے انسداد بدعنوانی شاخ (اے سی بی) نے دہلی ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ اے سی بی کی درخواست پر ہائی کورٹ نے نوٹس جاری کرتے ہوئے ستیندر جین سے جواب طلب کیا ہے۔ اس معاملے کی اگلی سماعت 22 دسمبر کو مقرر کی گئی ہے۔

دراصل، دہلی جل بورڈ کے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ (ایس ٹی پی) کے ٹینڈر میں مبینہ گھوٹالے کے الزام میں اے سی بی نے ستیندر جین کو 18 اگست 2026 کو گرفتار کیا تھا، تاہم 3 ستمبر 2026 کو انہیں ضمانت مل گئی تھی۔ اب اے سی بی نے ٹرائل کورٹ کے اسی فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔

اے سی بی نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے 3 ستمبر کے اپنے حکم میں ستیندر جین کی اچانک اور عجلت میں کی گئی گرفتاری پر تنقید کرتے ہوئے اہم حقائق کو نظر انداز کیا۔ اے سی بی کا دعویٰ ہے کہ عدالت نے اس بات پر مناسب توجہ نہیں دی کہ استغاثہ نے ایک ہی مجرمانہ سازش میں مختلف ملزمان کے الگ الگ کردار کی نشاندہی کی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ستیندر جین کا مبینہ کردار پالیسی اور انتظامی سطح پر لیے گئے فیصلوں اور دی گئی منظوریوں سے متعلق ہے، لیکن ٹرائل کورٹ نے اس پہلو پر غور نہیں کیا۔ اے سی بی کے مطابق، عدالت نے اس جرم کی سنگینی کو بھی کم کرکے دیکھا، حالانکہ یہ ایک سنگین مالیاتی جرم ہے، جس کے اثرات سرکاری خزانے اور عوامی بنیادی ڈھانچے پر پڑتے ہیں۔

اے سی بی نے مزید دعویٰ کیا ہے کہ یہ معاملہ ایک منظم سازش سے متعلق ہے، جس میں سرکاری افسران، ایک نجی ٹیکنالوجی فراہم کرنے والی کمپنی اور درمیانی افراد نے مبینہ طور پر مل کر کام کیا تھا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایسے معاملات میں مرکزی ملزم کے ساتھ براہ راست بات چیت یا ادائیگی کے شواہد کا مطالبہ نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ سازش میں شامل افراد مختلف سطحوں پر اپنے اپنے کردار ادا کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :

اے سی بی کا کہنا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے جرم کی سنگینی اور ستیندر جین کے مبینہ کردار کا درست جائزہ نہیں لیا، اس لیے ضمانت دینے کے فیصلے کو منسوخ کیا جانا چاہیے۔

واضح رہے کہ راؤز ایونیو کورٹ نے 3 ستمبر کو ستیندر جین کو ضمانت دیتے ہوئے کہا تھا کہ اے سی بی کی جانب سے پیش کیے گئے ڈیجیٹل شواہد اور فون کال ریکارڈ انہیں براہ راست رشوت خوری سے نہیں جوڑتے۔ عدالت نے ان کی گرفتاری میں جلد بازی پر اے سی بی کی سرزنش بھی کی تھی۔ اب ہائی کورٹ اس معاملے میں اے سی بی کی درخواست پر سماعت کرے گی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں