’ہارس ٹریڈنگ کا بازار کھول رکھا ہے‘، راؤت نے مودی حکومت پر لگایا اراکین پارلیمنٹ کی خرید و فروخت کا سنگین الزام

ادھو بالا صاحب ٹھاکرے کی شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت نے حد بندی بل کی مخالفت کرتے ہوئے مرکزی حکومت پر اراکین پارلیمنٹ کی خرید و فروخت کا الزام لگایا ہے۔ سنجے راوت نے کہا کہ ادھو ٹھاکرے کی شیوسینا سے بھی رابطہ کیا گیا تھا، لیکن ادھو ٹھاکرے اس بل کے خلاف ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آندھرا پردیش اور جھارکھنڈ کے 2 اراکین پارلیمنٹ ایجنٹ بن کر گھوم رہے ہیں۔ اراکین پارلیمنٹ کو خریدنے کے لیے 150 کروڑ روپے کی بولی لگائی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :

سنجے راؤت نے الزام لگایا کہ حکومت نے ہارس ٹریڈنگ کا بازار کھول رکھا ہے۔ اراکین پارلیمنٹ کی خرید و فروخت ہو رہی ہے اور انہیں 150 کروڑ روپے میں خریدنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہماری پارٹی اس بل کی مخالفت کرے گی۔ جو بھی رکن پارلیمنٹ اس بل کی حمایت کرے گا، اسے ملک کے عوام غدار کے طور پر یاد رکھیں گے۔ یہ حد بندی بل ملک اور قوم کے خلاف ہے۔ ہم اس کی مخالفت کرتے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ اس بل کے سلسلے میں انڈیا اتحاد کی میٹنگ میں بحث ہوگی۔ اگر کوئی بھی پارٹی یا رکن پارلیمنٹ اس کی حمایت کرتا ہے تو وہ ملک کے خلاف کام کرے گا۔ بل کی حمایت کرنے والوں کو 21ویں صدی کے سب سے بڑے غداروں کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

سنجے راوت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ بھی کی۔ اس میں انہوں نے لکھا ہے کہ ’’آج شیوسینا کے سربراہ بالاصاحب ٹھاکرے ہمارے درمیان نہیں ہیں۔ شرد پوار خراب صحت کی وجہ سے نہ تو جدوجہد کرنے کی حالت میں ہیں اور نہ ہی کوئی اہم فیصلہ لینے کی پوزیشن میں ہیں۔ ورنہ پارلیمنٹ میں اتنے بدعنوان طریقے سے ’ملک مخالف‘ حد بندی بل لانے کی ہمت کسی میں نہیں ہوتی۔‘‘ وہ آگے لکھتے ہیں کہ ’’حد بندی بی جے پی کی رچی ہوئی ایک ایسی سازش ہے، جس کا مقصد اس ملک کے عوام سے اقتدار چھیننا ہے۔‘‘

سنجے راوت نے اپنی پوسٹ میں شرد پوار اور وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ساتھ بی جے پی کی مہاراشٹر یونٹ کے ایکس ہینڈل کو بھی ٹیگ کیا ہے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ ’’جمہوریت کے حامی ہر محب وطن سیاسی پارٹی کو پارلیمنٹ میں اس حد بندی بل کو مسترد کر دینا چاہیے۔ تاریخ ہمیشہ غداروں کے نام یاد رکھتی ہے، چاہے ان کی غداری سے جڑی باتیں وقت کے ساتھ دھندلی ہی کیوں نہ پڑ جائیں۔‘‘

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں