پنجاب حکومت نے مولانا فضل الرحمٰن کو دوبارہ نظر بند کر دیا، جے یو آئی کا دعویٰ

پنجاب حکومت نے رحیم یار خان کے قریب انہیں حراست میں لے لیا اور بعد ازاں ملتان میں ان کی رہائش گاہ پر نظر بند کر دیا، ترجمان اسلم غوری

November 29, 2026 · اہم خبریں, قومی

فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے ترجمان اسلم غوری نے الزام عائد کیا ہے کہ پنجاب حکومت نے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمٰن کو ایک بار پھر غیر قانونی طور پر نظر بند کر دیا ہے۔ ان کے مطابق لاہور پولیس نے گزشتہ روز مولانا فضل الرحمٰن کی نظر بندی ختم کرکے انہیں سفر کی اجازت دی تھی، جس کے بعد وہ طے شدہ شیڈول کے مطابق بذریعہ سڑک سندھ روانہ ہوئے تھے۔

ترجمان کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن نے 30 نومبر کو لاڑکانہ میں شہید اسلام علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو کی یاد میں منعقدہ کانفرنس میں شرکت کرنا تھی تاہم پنجاب حکومت نے رحیم یار خان کے قریب انہیں حراست میں لے لیا اور بعد ازاں ملتان میں ان کی رہائش گاہ پر نظر بند کر دیا۔ اسلم غوری نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے عملے اور جے یو آئی پنجاب کے سیکرٹری جنرل حافظ نصیر احرار بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

ترجمان جے یو آئی کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن کے استقبال کے لیے آنے والے جے یو آئی سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ راشد سومرو کو بھی رحیم یار خان سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس سے قبل مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری اور پنجاب کے صوبائی امیر مولانا امجد خان بھی مبینہ طور پر پنجاب پولیس کی حراست میں ہیں۔

اسلم غوری نے پنجاب حکومت پر حقائق چھپانے اور قوم کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان سمیت تمام گرفتار قائدین اور کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جمعیت علماء اسلام اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق پرامن عوامی رابطہ مہم جاری رکھے ہوئے ہے، تاہم حکومت کو اپوزیشن جماعتوں کی معمول کی آئینی اور جمہوری سرگرمیاں بھی برداشت نہیں ہو رہیں۔

ترجمان نے سوال اٹھایا کہ کیا ملک میں سویلین مارشل لا نافذ کر دیا گیا ہے کہ سیاسی جماعتیں جلسے جلوس بھی نہیں کر سکتیں؟ اگر سیاسی سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے تو حکومت باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرے۔ انہوں نے پارلیمنٹ میں اپوزیشن رہنماؤں کی تقاریر کے بلیک آؤٹ اور جلسے جلوسوں پر پابندی کو جمہوریت کے دعووں کی نفی قرار دیا۔

اسلم غوری نے کہا کہ حکومت واضح کرے کہ کس کے اشارے پر جے یو آئی اور اپوزیشن کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے۔ ملک کو سیاسی تصادم اور اشتعال کی طرف دھکیلنے کی کوششیں تشویشناک ہیں۔ انہوں نے کارکنوں کو مشتعل نہ ہونے اور صوبائی جماعتوں کی ہدایات کے مطابق پرامن تحریک جاری رکھنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی مہنگائی، عوامی حقوق، آئین کے دفاع، جمہوریت کی بحالی اور اسلام کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور اپنے آئینی، جمہوری و سیاسی حقوق سے دستبردار نہیں ہوگی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں