شائع
ایران کی جوہری توانائی تنظیم کے سربراہ محمد اسلامی نے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) پر دہرا معیار اپنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی ایجنسی فوجی حملوں کا نشانہ بننے والی ایران کی جوہری تنصیبات کے معائنے کا مطالبہ نہیں کر سکتی ، جب تک ایجنسی ان حملوں کی مذمت نہیں کرتی۔
ایران اور بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے درمیان جوہری پروگرام کی نگرانی اور معائنوں کے معاملے پر اختلافات طویل عرصے سے جاری ہیں۔ جون 2025 میں اسرائیل اور امریکا کے حملوں کے دوران ایران کی جوہری تنصیبات فردو، نطنز اور اصفہان کو نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے بعد متاثرہ تنصیبات تک آئی اے ای اے کے معائنہ کاروں کی رسائی محدود ہو گئی۔
محمد اسلامی کا تازہ بیان ایران اور عالمی جوہری نگرانی کے ادارے کے درمیان بڑھتے ہوئے اختلافات کی عکاسی کرتا ہے، جہاں ایک طرف آئی اے ای اے جوہری سرگرمیوں کی تصدیق کے لیے رسائی چاہتی ہے تو دوسری جانب تہران حملوں کی مذمت اور سکیورٹی ضمانتوں کو تعاون کی بنیادی شرط قرار دے رہا ہے۔
اتوار کو جوہری صنعت کی کامیابیوں سے متعلق نمائش کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد اسلامی نے ایران کے جوہری پروگرام کے خلاف میڈیا میں شائع ہونے والے الزامات اور منفی بیانیے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی جانب سے بعض جوہری تنصیبات زیرِ زمین تعمیر کرنے کا مقصد سرگرمیوں کو خفیہ رکھنا نہیں بلکہ ان کی حفاظت یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے تقریباً تین دہائیوں سے ایران کی جوہری صنعت کو دھمکیوں اور حملوں کا سامنا ہے، جس کے باعث حساس تنصیبات کو محفوظ مقامات پر تعمیر کرنا ضروری ہو گیا ہے۔
محمد اسلامی نے ایرانی جوہری سرگرمیوں کی مکمل شفافیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی تمام جوہری تنصیبات، خواہ وہ کہیں بھی واقع ہوں، آئی اے ای اے کی نگرانی میں رہی ہیں۔
واضح رہے ایران کا مؤقف ہے کہ فوجی حملوں کے بعد متاثرہ جوہری تنصیبات کا معائنہ سکیورٹی خدشات اور خصوصی حفاظتی ضوابط طے کیے بغیر ممکن نہیں۔
دوسری جانب آئی اے ای اے کا کہنا ہے کہ ایرانی جوہری تنصیبات تک رسائی نہ ملنے کے باعث ایجنسی ایران کے افزودہ یورینیم کے ذخیرے اور اس کی موجودہ صورتحال کی تصدیق نہیں کر پا رہی۔ ایجنسی نے اس صورتحال کو جوہری عدم پھیلاؤ کے حوالے سے تشویش ناک قرار دیتے ہوئے معائنہ کاروں کی واپسی پر زور دیا ہے۔
نومبر میں امریکا، برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے بھی آئی اے ای اے کے اجلاس میں ایران سے متاثرہ جوہری تنصیبات تک معائنہ کاروں کو دوبارہ رسائی دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران کے افزودہ یورینیم کے ذخیرے کی آزادانہ تصدیق ضروری ہے، جبکہ ایران ان مطالبات کو فوجی حملوں اور سیکیورٹی خدشات کے تناظر میں دیکھتا ہے۔
