حوثی مذاکرات کی میز پر آجائیں تو یمن جنگ ‘کل’ ہی ختم ہوسکتی ہے، سعودی اتحاد


یمن میں سعودی زمینی فوج بھیجنے کا امکان مسترد کرتے ہیں، عدن ریاض کے لیے ‘سرخ لکیر’ ہے، اس کے تحفظ کے لیے ‘جو کرنا پڑا’ کیا جائے گا، ترجمان ترکی المالکی


شائع

سعودی اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی — تصویر: رائٹرز
سعودی اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی — تصویر: رائٹرز

سعودی قیادت میں قائم اتحاد کا کہنا ہے کہ اگر حوثی باغی اقوامِ متحدہ کی حمایت یافتہ امن تجویز پر رضامند ہوجائیں تو یمن کی جنگ ’کل‘ ہی ختم ہوسکتی ہے۔

سعودی اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ حوثیوں کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے اتحاد ضرورت پڑنے تک فوجی دباؤ برقرار رکھے گا۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب حوثیوں نے جدہ سمیت بحیرہ احمر پر واقع سعودی بندرگاہوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی۔ یہ دھمکی اس کارروائی کے جواب میں دی گئی جسے حوثیوں نے مغربی یمن میں ایندھن کے ایک بڑے ٹرمینل پر سعودی حملہ قرار دیا تھا۔

حوثیوں کے زیرِ انتظام ’المسیرہ ٹی وی‘ نے رپورٹ کیا کہ سعودی عرب نے یمن کے مغربی صوبے الحدیدہ میں راس عیسیٰ پر حملہ کیا ہے، جو حوثیوں کے زیرِ کنٹرول علاقوں میں ایندھن کی درآمد کی مرکزی بندرگاہ ہے۔

سعودی اتحاد نے حوثی حملوں پر ”فوجی ردِعمل“ کا اعلان کرنے سے کچھ دیر پہلے شہریوں سے کہا تھا کہ وہ اپنی حفاظت کے لیے بندرگاہ خالی کردیں۔ البتہ اتحاد نے خاص طور پر راس عیسیٰ پر حملے کی تصدیق نہیں کی۔

حوثیوں نے شپنگ کمپنیوں پر زور دیا ہے کہ وہ بحیرہ احمر پر واقع سعودی بندرگاہوں سے اپنے جہاز فوری طور پر نکال لیں اور قریبی علاقوں میں موجود کارکنوں اور شہریوں سے بھی کہا ہے کہ وہ وہاں سے نکل جائیں۔

ترکی المالکی کا کہنا تھا کہ ریاض نے یمن کی حکومت کے عبوری دارالحکومت عدن کے حوالے سے ایک ”سرخ لکیر“ کھینچ دی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے خبردار کیا کہ اتحاد بندرگاہی شہر کے تحفظ کے لیے ”جو کچھ بھی کرنا پڑا“ کرے گا۔

واضح رہے کہ یمن کے حوثی جنگجو پیش قدمی کرتے ہوئے شہر کو نشانہ بنانے کی حدود میں پہنچ رہے ہیں۔ حوثی باغی اب عدن سے تقریباً 60 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہیں۔

سعودی عرب نے پہلی مرتبہ 2015 میں ایک عرب اتحاد کی قیادت کرتے ہوئے یمن میں مداخلت کی تھی، جس کا مقصد بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کو بحال کرنا تھا۔ اس سے پہلے حوثیوں نے دارالحکومت صنعا پر قبضہ کرلیا تھا۔

کئی برسوں کی خونریزی کے بعد 2022 میں جنگ بندی ہوئی تھی، تاہم رواں سال جولائی سے لڑائی دوبارہ شدت اختیار کرگئی۔

حوثی جنگجو یمن کے دارالحکومت صنعا اور ملک کے سب سے زیادہ آبادی والے علاقوں پر کنٹرول رکھتے ہیں۔ جولائی میں یمن کی خانہ جنگی میں دوبارہ شدت آنے کے بعد سے وہ سعودی ہوائی اڈوں، تیل کی تنصیبات اور دفاتر کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ یہ تنازع امریکہ اور ایران کی جنگ کے وسیع تر اثرات کے نتیجے میں بھی پھیل رہا ہے۔

یمن میں جاری اس تنازع نے شدید انسانی بحران پیدا کردیا ہے، جبکہ سعودی عرب بھی حملوں اور سکیورٹی کی صورتِ حال کے باعث متاثر ہورہا ہے۔

’بہترین حل سیاسی ہے‘

انٹرویو میں ترکی المالکی نے اس تنازع سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ ’بہترین حل سیاسی ہے، لیکن ہمیں یمنی حکومت کی حمایت کرنا ہوگی تاکہ وہ اپنا مقصد حاصل کرسکے۔‘

انہوں نے اقوامِ متحدہ کی حمایت یافتہ امن تجویز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر حوثی یمنی حکومت کے ساتھ امن روڈ میپ پر عمل درآمد کا فیصلہ کرلیں تو جنگ کل ہی ختم ہوسکتی ہے۔

البتہ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت تک اتحاد حوثیوں پر دباؤ ڈالنے اور ان کے رویے میں تبدیلی لانے کے لیے فوجی طاقت کا استعمال جاری رکھے گا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اس مقصد کے لیے زمینی محاذ پر موجود یمنی فوجی دستوں کو 24 گھنٹے فضائی مدد فراہم کی جائے گی اور سعودی شہروں کے لیے خطرہ بننے کی حوثیوں کی صلاحیت کو کمزور کیا جائے گا۔

سعودی اتحاد کے ترجمان کے بقول، ”ہم تھیٹر بیلسٹک میزائلوں (ٹی بی ایمز)، ان کے لانچرز اور بیلسٹک میزائلوں اور بغیر پائلٹ طیاروں (یو اے ویز) کے بعض پرزوں کو تباہ اور ناکارہ بنانے کا اپنا ہدف حاصل کر رہے ہیں۔“

واضح رہے کہ حوثیوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سعودی عرب یمنی حکومت کی حمایت ختم کرے، ہوائی اڈوں اور بندرگاہوں پر عائد پابندیاں اٹھائے اور مالی معاوضہ ادا کرے۔ حوثیوں کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اس حکومت کو تربیت، اسلحہ اور مالی وسائل فراہم کرتا ہے۔

جنگ بندی کے خاتمے کے بعد سے حوثیوں نے آبنائے باب المندب کے قریب بحیرہ احمر کے ساحل کے اہم حصوں پر قبضہ کرلیا ہے اور پہاڑوں میں گھرے شہر تعز کا محاصرہ کر رکھا ہے۔

نومبر میں عدن کے دفاع کو مضبوط کرنے کے لیے حکومتی فورسز نے آبنائے باب المندب کے اطراف مورچوں سے انخلا بھی کیا تھا۔

سعودی فوج کی یمن میں تعیناتی کا امکان مسترد

حالیہ حکومتی نقصانات اور فورسز کے انخلا کے باوجود سعودی اتحاد کے ترجمان نے اس خیال کو مسترد کردیا کہ جنگ کا پانسہ پلٹنے کے لیے سعودی عرب کی زمینی فوج یمن بھیجی جاسکتی ہے۔

ترکی المالکی کے بقول انہیں باہر سے فوج لانے کی ضرورت نہیں۔ یمنی حکومتی فورسز کے پاس ضروری تعداد، قبائلی حمایت اور فوجی صلاحیت موجود ہے۔

ان کے بقول سعودی فوج ملک کی جنوبی سرحد پر تعینات ہے تاکہ سعودی سرزمین پر حوثیوں کی کسی بھی دراندازی کو روکا جاسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ ”ہماری سرحد کے قریب کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے جو بھی کرنا پڑا، کریں گے۔“

انٹرویو کے دوران ترکی المالکی نے ان رپورٹس کو بھی مسترد کیا کہ سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام میں دشمن کے میزائلوں کو تباہ کرنے والے انٹرسیپٹر میزائلوں کے ذخائر کم ہورہے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ ”ہم اپنے ہتھیار خرید رہے ہیں اور یہ خریداری حکومتوں کے درمیان معاہدوں کے تحت ہوتی ہے۔ ہمارے پاس ہتھیاروں کی کوئی کمی نہیں ہے۔ میں یقین دلاتا ہوں کہ ہم اپنے ملک کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔“

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں