جاپان میں زلزلہ؛ شدت 6.7 ریکارڈ، سونامی وارننگ جاری
ٹوکیو: جاپان میں 6.7 شدت کے زلزلے کے بعد سونامی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق جاپان کی موسمیاتی ایجنسی (جے ایم اے) کے مطابق اتوار کو زلزلہ شام 5 بج کر 3 منٹ پر (پاکستانی وقت کے مطابق 1 بج کر 3 منٹ پر)بحرالکاہل کے شمالی حصے میں ایواتے کے ساحل کے قریب آیا، جس کے بعد ایک میٹر تک اونچی سونامی لہروں کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔
امریکی جیولوجیکل سروے نے زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی ہے۔ ایواتے کے ساحلی علاقے کے لیے سونامی ایڈوائزری جاری کر دی گئی اور مقامی افراد کو خبردار کیا گیا کہ لہریں کسی بھی وقت ساحل سے ٹکرا سکتی ہیں۔
قومی نشریاتی ادارے ’این ایچ کے‘ کے مطابق سمندر میں سونامی لہریں دیکھی گئی ہیں اور شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ساحلی علاقوں کے قریب نہ جائیں، جاپانی ٹی وی چینلز پر براہِ راست مناظر میں سمندر نسبتا پرسکون دکھائی دے رہا تھا۔