ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

پاکستان میں حج آپریشن کا آغاز، کراچی سے پہلی پرواز 160 اور لاہور سے 345 عازمینِ کو لے کر روانہ

پاکستان میں حج آپریشن کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، جس کے تحت ملک کے مختلف شہروں سے عازمینِ حج کی حجاز مقدس روانگی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں کراچی اور لاہور سے پہلی حج پروازیں روانہ ہوئیں جن میں مجموعی طور پر سینکڑوں عازمین شامل تھے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کراچی سے ایک نجی فضائی کمپنی کے ذریعے پہلی حج پرواز مقدس سفر کے لیے روانہ ہوئی جس میں 160 عازمینِ حج موجود تھے۔ اس موقع پر گورنر سندھ نہال ہاشمی اور وزارتِ مذہبی امور کے اعلیٰ حکام ایئرپورٹ پر موجود رہے جنہوں نے عازمین کو رخصت کرتے ہوئے انہیں نیک خواہشات اور مبارکباد پیش کی۔ کراچی ایئرپورٹ سے اس سال 31 ہزار سے زائد عازمین حج کی روانگی متوقع ہے۔

حج انتظامات کے حوالے سے اس بار بھی روڈ ٹو مکہ منصوبہ جاری ہے جس کے تحت سعودی عرب کے حکام کراچی ایئرپورٹ پر ہی عازمین کی امیگریشن اور دیگر ابتدائی مراحل مکمل کر رہے ہیں، جس سے حجاج کو سعودی عرب پہنچ کر طویل کارروائیوں سے نجات ملتی ہے۔

دوسری جانب لاہور سے بھی حج پروازوں کا آغاز ہو گیا ہے، جہاں سعودی ایئرلائن کی پہلی پرواز ایس وی 5735 نے 345 عازمینِ حج کو لے کر مدینہ منورہ کے لیے صبح 10 بج کر 30 منٹ پر روانگی اختیار کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، صوبائی وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن اور دیگر اعلیٰ شخصیات موجود تھیں جنہوں نے عازمین کو رخصت کیا۔ سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی، وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا اور روڈ ٹو مکہ منصوبے کے سربراہ میجر جنرل ڈاکٹر صالح بن سعد المیرہبا بھی اس موقع پر شریک تھے۔

سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق مکہ روٹ انیشیٹو میں شامل ممالک کی تعداد میں اضافہ ہو چکا ہے اور اب اس فہرست میں مجموعی طور پر 10 ممالک شامل ہیں۔ اس منصوبے کے تحت آئندہ برس 17 مختلف اسٹیشنز سے عازمین کی سہولت کے لیے خصوصی امیگریشن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس فہرست میں مراکش، انڈونیشیا، ملائیشیا، پاکستان، بنگلہ دیش، ترکیہ، آئیوری کوسٹ اور مالدیپ سمیت دیگر ممالک شامل ہیں، جہاں سے عازمین حج کے سفر کو مزید سہل اور منظم بنایا جا رہا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں