اسلام آباد: اڈیالہ جیل میں زیر حراست اہم سیاسی شخصیات کی صحت سے متعلق پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں سابق خاتون اول کی آنکھ کی حالت کو تسلی بخش قرار دیا گیا جبکہ بانی پی ٹی آئی کا بھی کامیاب طبی معائنہ مکمل ہونے کے بعد انہیں دوبارہ جیل منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اہلیہ اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی آنکھ کا اڈیالہ جیل میں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے معائنہ کیا، میڈیکل ٹیم میں الشفا آئی ٹرسٹ کے ماہر امراض چشم ڈاکٹر ندیم قریشی اور پمز کے ڈاکٹر عارف شامل تھے، جنہوں نے معائنے کے بعد ان کی حالت کو تسلی بخش قرار دیا،ڈاکٹروں نے بشریٰ بی بی کو احتیاطی تدابیر جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ 17 اپریل کو ان کی دائیں آنکھ میں ریٹینل ڈیٹیچمنٹ کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے بعد الشفا آئی ٹرسٹ اسپتال میں ان کا کامیاب آپریشن کیا گیا تھا۔ معائنہ مکمل کرنے کے بعد میڈیکل ٹیم واپس روانہ ہو گئی۔
دوسری جانب بانی پی ٹی آئی عمران خان کو بھی آنکھوں کے فالو اپ علاج کے لیے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز لایا گیا، جہاں ماہرین چشم نے ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا، معائنے کے بعد انہیں طبی طور پر مستحکم قرار دیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق عمران خان کو اینٹی وی ای جی ایف انٹرا ویٹریل انجیکشن کی چوتھی خوراک دی گئی جبکہ اس سے قبل مریض کی مکمل رضامندی حاصل کی گئی۔ آپٹیکل کوہیرنس ٹوموگرافی کے نتائج میں بھی واضح بہتری سامنے آئی ہے، جو علاج کے مثبت اثرات کی نشاندہی کرتی ہے۔
پمز انتظامیہ کے مطابق یہ تمام طبی عمل آپریشن تھیٹر میں معیاری نگرانی کے تحت مکمل کیا گیا اور اسے ڈے کیئر سرجری کے طور پر انجام دیا گیا، عمران خان علاج سے قبل، دوران اور بعد میں مکمل طور پر مستحکم رہے۔
ضروری علاج مکمل ہونے کے بعد عمران خان کو فالو اپ ہدایات اور طبی دستاویزات فراہم کر کے ڈسچارج کیا گیا، جس کے بعد انہیں دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا، دونوں اہم شخصیات کی صحت میں بہتری ایک مثبت پیش رفت ہے جبکہ آئندہ دنوں میں مزید فالو اپ کے ذریعے ان کی طبی نگرانی جاری رکھی جائے گی۔