پونچھ کے سرحدی علاقے کیرنی سے خاتون 8 بکریوں سمیت سرحد پار چلی گئی، پولیس و دیگر اداروں نے تحقیقات شروع کر دیں

عشرت حسین بٹ
پونچھ// ضلع پونچھ کے سرحدی علاقے کیرنی سے ایک خاتون اپنی آٹھ بکریوں سمیت سرحد پار چلی گئی ہے، جس کے بعد علاقے میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق سرحد پار جانے والی خاتون کی شناخت روبینہ اختر زوجہ محمد شفیع، دختر ولی محمد ساکنہ کیرنی کے طور پر ہوئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ یہ واقعہ جمعرات کی شام پیش آیا، جب روبینہ اختر اپنی بکریوں کو چرانے کے لیے سرحدی علاقے میں گئی تھی۔ تاہم، جب وہ رات گئے تک گھر واپس نہیں لوٹی تو اہل خانہ نے اس کی گمشدگی کے حوالے سے پولیس کو اطلاع دی۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں بتایا جا رہا ہے کہ خاتون اپنی آٹھ بکریوں سمیت سرحد کے اُس پار چلی گئی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حکام کی جانب سے واقعے کی مزید تفصیلات اور سرحد پار جانے کے حالات کی تصدیق کا انتظار ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں