ڈسکہ روڈ پر افسوسناک واقعہ، انتظامیہ نے اجازت منسوخ کر دی، تحقیقات شروع
سیالکوٹ میں ٹک ٹاکر کی شادی کی تقریب میں بھگدڑ کے بعد کا منظر
سیالکوٹ میں معروف ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کی شادی کے سلسلے میں منعقدہ تقریب کے دوران شدید بھگدڑ مچنے سے 1 شخص جاں بحق جبکہ 18 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ڈسکہ روڈ پر واقع فراز سپورٹس سٹیڈیم میں پیش آیا جہاں ٹک ٹاکر کی شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے ہزاروں کی تعداد میں مداح گراؤنڈ میں پہنچے تھے۔ انعامی قرعہ اندازی کے لیے جمع ہونے والے ہجوم میں اس وقت بھگدڑ مچی جب اچانک گیٹ کھول دیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق اس حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت عقیل ولد بشیر ساکن بڈھا گورائیہ ڈسکہ کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تقریب رکوا دی اور شرکاء کو منتشر کر دیا۔
ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ شادی کی تقریبات کے انعقاد کی اجازت 31 اکتوبر سے 7 نومبر تک دی گئی تھی اور تقریب نمازِ عشاء کے بعد منعقد ہونا تھی، تاہم انتظامیہ کی جانب سے مقررہ وقت سے پہلے ہی تقریب شروع کر دی گئی جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے شادی کی بقیہ تمام تقریبات کی اجازت بھی منسوخ کر دی ہے۔