اہم پیش رفت، حکومت اور جماعت اسلامی کے مذاکرات 3 نومبر کو ہوں گے، مطالبات کی منظوری ناگزیر ہے
نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں۔
جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے واضح کیا ہے کہ اگر حکومت نے پیٹرول لیوی کے معاملے پر عوام کو ریلیف فراہم نہ کیا تو ملتان سے اسلام آباد کی طرف بھرپور لانگ مارچ کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کے ساتھ اس اہم مسئلے پر حتمی مذاکرات آئندہ ہفتے یعنی 3 نومبر کو ہوں گے۔
رپورٹس کے مطابق ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے لیاقت بلوچ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں حکومتی کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ رہنماؤں نے بتایا کہ 3 نومبر کے آئندہ اجلاس کو حتمی شکل دی جا رہی ہے جس میں پیٹرولیم لیوی کے بتدریج خاتمے اور مہنگائی کے ستائے عوام کو ریلیف دلانے کے کلیدی معاملات زیر بحث آئیں گے۔
لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ حکومت کو عوام کی مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے ریلیف دینا ہوگا، دوسری صورت میں طے شدہ حکمت عملی کے تحت احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ لانگ مارچ سے قبل ملک کے مختلف شہروں جن میں کوئٹہ، میرپورخاص، بہاولپور، مانسہرہ اور سرگودھا شامل ہیں، بڑے عوامی جلسے منعقد کیے جائیں گے۔ اس ضمن میں لانگ مارچ اور جلس جلوسوں کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے باقاعدہ کمیٹیاں بھی تشکیل دی جا چکی ہیں۔