اہم جائزہ اجلاس، معیار پر سمجھوتہ ناقابل قبول، شفاف داخلے یقینی بنائے جائیں گے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف دانش اسکولوں کی تعمیر سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک بھر میں دانش اسکولوں کی تعمیر کی پیش رفت کے حوالے سے بذریعہ زوم آن لائن ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے دانش اسکولوں کی بروقت تکمیل کے لیے تعمیراتی کام کو مزید تیز کرنے اور تعمیراتی سرگرمیاں 24 گھنٹے جاری رکھنے کی سخت ہدایت کی۔
دستاویزات اور بریفنگ کے مطابق وزیراعظم نے واضح کیا کہ ہمارے بچے ملک کا مستقبل ہیں اور یہ اسکول ملک کے روشن مستقبل میں براہ راست سرمایہ کاری کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ دانش اسکولوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز قابل قبول نہیں ہوگا، اور ان اداروں میں صرف انتہائی غریب اور مستحق گھرانوں کے بچوں کو میرٹ کی بنیاد پر داخلہ دیا جائے گا۔
اجلاس میں یہود و ہود کی طرح جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی نظام اپنانے پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ طلبہ کی بہترین تعلیم و تربیت کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (IT) پر مبنی جدید طریقہ کار کو اپنایا جائے۔ اس کے علاوہ اسکولوں کے بنیادی ڈھانچے، مہیا کردہ سہولیات اور خدمات کے معیار کی شفاف جانچ کے لیے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کو بھی لازمی طور پر یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم نے وزارت مواصلات کو خصوصی احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں دانش اسکولوں تک طلبہ اور اساتذہ کی آسان رسائی کے لیے سڑکوں کا بہترین اور مربوط نظام قائم کیا جائے۔ انہوں نے خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع (سابق فاٹا) میں بھی دانش اسکولوں کی تعمیر کے لیے جامع حکمت عملی جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس کے دوران متعلقہ حکام نے وزیراعظم کو گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر، سندھ اور بلوچستان میں جاری دانش اسکولوں کے تعمیراتی کام اور پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں وفاقی وزرا احسن اقبال، احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک سمیت متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔