اہم سیاسی اعلان، 29 نومبر کو مینار پاکستان پر پاور شو ہوگا، حکومت جلسہ روکنے کی کوشش نہ کرے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان لاہور میں اجتماع سے خطاب کر رہے ہیں۔
لاہور میں کل پنجاب اجتماع ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی آئینی فریم ورک کے تحت نئے انتظامی یونٹس بنانے کی حامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی جماعتوں کے پاس عوامی مسائل کا کوئی حل نہیں ہے اور ملک میں نظام کی تبدیلی کے لیے جماعت اسلامی کے علاوہ دوسرا کوئی آپشن موجود نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کو پنجاب میں بڑی سیاسی جماعت اور ملک بھر میں بڑی پارلیمانی قوت بن کر سامنے آنا ہوگا۔
امیر جماعت اسلامی نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی 29 نومبر کو مینار پاکستان پر ایک بڑا پاور شو کرے گی اور حکومت جلسہ روکنے کی کوئی کوشش نہ کرے۔ انہوں نے بتایا کہ 29 نومبر کے جلسے سے قبل بھرپور عوامی مہم چلائی جائے گی جبکہ 22 نومبر کو بلوچستان میں بھی جلسہ منعقد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ 5 دسمبر کو پشاور اور 20 دسمبر کو کراچی میں بھی تاریخی جلسے منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی لیوی کے خاتمے کے مطالبے سے بالکل پیچھے نہیں ہٹے گی اور حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہوگا۔
پنجاب کے تعلیمی نظام پر تنقید کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 15000 اسکول آؤٹ سورس کرکے صوبے میں تعلیم کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ملک کا سیاسی، سماجی اور معاشی نظام چند ہاتھوں میں یرغمال ہے جہاں طاقتور افراد نظام میں انجینئرنگ کرتے ہیں، کبھی آر ٹی ایس بٹھایا جاتا ہے اور کبھی فارم 47 کے ذریعے عوام پر حکومتیں مسلط کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی باہمی لڑائی عوام کے لیے نہیں بلکہ صرف ذاتی مفادات کی خاطر ہوتی ہے اور گزشتہ 80 سال سے اسٹیبلشمنٹ کے سائے تلے جماعتیں قوم پر مسلط کی جا رہی ہیں۔