اس کی الیکٹرک موٹر تقریباً 90 ہارس پاور طاقت اور 133 نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
سوزوکی نے چھوٹی الیکٹرک کار متعارف کرا دی
کمپنی کے مطابق نئی گاڑی کو خاص طور پر شہری علاقوں میں روزمرہ سفر کے لیے تیار کیا گیا ہے، جبکہ اس کی فروخت 2027 کے موسم گرما سے یورپ اور دیگر منتخب عالمی مارکیٹوں میں شروع ہوگی۔
اِگنس ای وی میں ایل ایف پی بیٹری استعمال کی گئی ہے، جو گاڑی کے فرش کے نیچے نصب ہے۔ اس کی الیکٹرک موٹر تقریباً 90 ہارس پاور طاقت اور 133 نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
گاڑی میں دو پہیوں کو طاقت فراہم کرنے کا نظام، چار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش اور 150 ملی میٹر گراؤنڈ کلیئرنس دی گئی ہے، جبکہ اس کا ٹرننگ ریڈیئس 4.5 میٹر ہے۔
نئی اِگنس ای وی کی لمبائی 3,570 ملی میٹر، چوڑائی 1,565 ملی میٹر اور اونچائی 1,635 ملی میٹر ہے۔ سائز کے اعتبار سے یہ پاکستان میں دستیاب سوزوکی کلٹس کے قریب ہے، تاہم اس میں پانچ کے بجائے چار افراد سفر کرسکیں گے۔
گاڑی کے بیرونی ڈیزائن میں ایل ای ڈی ہیڈلائٹس، فلوٹنگ روف اور جدید انداز اپنایا گیا ہے، جبکہ اندرونی حصے میں چوڑا ڈیش بورڈ ڈسپلے اور سامان رکھنے کے لیے نئے اسٹوریج ایریاز شامل کیے گئے ہیں۔
سوزوکی نے گاڑی کی ڈرائیونگ رینج، چارجنگ کے دورانیے اور قیمت کا تاحال اعلان نہیں کیا۔ کمپنی کے مطابق حتمی تکنیکی تفصیلات منظوری کے مراحل کے بعد سامنے آئیں گی۔
پاکستانی صارفین کے لیے بھی یہ گاڑی دلچسپی کا باعث بن سکتی ہے، کیونکہ اس کا سائز آلٹو اور کلٹس کے درمیان ہے اور شہری سفر کے لیے موزوں دکھائی دیتی ہے۔
تاہم پاک سوزوکی نے پاکستان میں اِگنس ای وی کی درآمد، فروخت یا مقامی سطح پر تیاری کے حوالے سے تاحال کوئی اعلان نہیں کیا، اس لیے پاکستانی مارکیٹ میں اس کی دستیابی اور قیمت کے بارے میں فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔