مولانا فضل الرحمان دوپہر 2 بجے سے رات 12 بجے تک اپنی گاڑی میں موجود رہے اور اس دوران حکومتی نمائندوں اور پولیس کے اعلیٰ افسران سے متعدد مرتبہ مذاکرات ہوئے۔
مولانا فضل الرحمان کی گرفتاری کیسے ہوئی،کہاں رکھا گیا
جے یو آئی (ف) کے ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان آج دوپہر 2 بجے سرگودھا کانفرنس میں شرکت کے لیے اپنی رہائش گاہ سے روانہ ہوئے تھے، تاہم راستوں کی بندش کے باعث وہ اپنی سوسائٹی کے قریب ہی پھنس گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان دوپہر 2 بجے سے رات 12 بجے تک اپنی گاڑی میں موجود رہے اور اس دوران حکومتی نمائندوں اور پولیس کے اعلیٰ افسران سے متعدد مرتبہ مذاکرات ہوئے۔
جے یو آئی (ف) کے مطابق پولیس حکام کا مؤقف تھا کہ مولانا فضل الرحمان کو سرگودھا جانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی اور وہ واپس اپنی رہائش گاہ جا سکتے ہیں، تاہم مولانا فضل الرحمان نے مؤقف اختیار کیا کہ سرگودھا کانفرنس میں شرکت ان کا آئینی اور جمہوری حق ہے اور وہ واپس نہیں جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق لاہور پولیس کے سینئر افسران، جن میں سی سی پی او لاہور صدیق بلال صدیقی میانہ اور ڈی آئی جی لاہور فیصل کامران بھی شامل تھے، مولانا فضل الرحمان سے ملاقات اور مذاکرات کرتے رہے۔
جے یو آئی (ف) کے ذرائع کے مطابق رات تقریباً ساڑھے 12 بجے مولانا فضل الرحمان نے خود کو پولیس کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا اور کارکنوں سے مختصر خطاب میں کہا کہ انہیں آگے جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی، اس لیے وہ اپنی گرفتاری پیش کر رہے ہیں۔
بعد ازاں پولیس افسران مولانا فضل الرحمان کی گاڑی میں سوار ہوئے اور انہیں اپنے ساتھ لے گئے۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ذرائع کا دعویٰ ہے کہ تازہ صورتحال کے مطابق مولانا فضل الرحمان کو لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر نظر بند کر دیا گیا ہے، جہاں پولیس کی نفری تعینات ہے اور ملاقاتوں پر بھی پابندی عائد ہے۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ ان کی تحریک اور احتجاج جاری رہے گا، تاہم پہلے سے جاری دھرنوں کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔ جمعہ کی نماز کے بعد کارکنوں کو دوبارہ احتجاج شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
جے یو آئی (ف) نے کارکنوں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی گرفتاری، کارکنوں پر مبینہ تشدد اور گرفتاریوں کے خلاف احتجاج میں شرکت کریں۔