جیب میں 24 روپے، مزدور کے بیٹے نے گیم شو میں ایک کروڑ جیت لیے

والد محنت مزدوری کرتے ہیں جبکہ والدہ صحت کے مختلف مسائل کا سامنا کر رہی ہیں۔

November 27, 2026 · امت خاص

جیب میں 24 روپے، مزدور کے بیٹے نے گیم شو میں ایک کروڑ جیت لیے

جیب میں 24 روپے، مزدور کے بیٹے نے گیم شو میں ایک کروڑ جیت لیے

بھارت کی ریاست مہاراشٹر سے تعلق رکھنے والے 28 سالہ بھوشن ٹھاکرے نے معروف ٹی وی گیم شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ میں ایک کروڑ روپے جیت کر اپنے خاندان کی زندگی بدلنے کی امید پیدا کردی۔

بی بی سی اردو کے مطابق بھوشن ایک مزدور کے بیٹے ہیں اور جب انہیں شو میں شرکت کی دعوت ملی تو ان کی جیب میں صرف 24 روپے موجود تھے۔ ان کے والد محنت مزدوری کرتے ہیں جبکہ والدہ صحت کے مختلف مسائل کا سامنا کر رہی ہیں۔

بھوشن نے پہلی مرتبہ 2016 میں اس گیم شو میں شرکت کے لیے رجسٹریشن کروائی تھی۔ تقریباً دس سال کی کوشش اور انتظار کے بعد بالآخر انہیں پروگرام میں شرکت کا موقع ملا اور وہ ایک کروڑ روپے جیتنے میں کامیاب ہوگئے۔

بھوشن نے 7 کروڑ روپے کے بڑے انعام کے لیے آخری سوال کا جواب دینے کے بجائے ایک کروڑ روپے کی رقم لے کر شو چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ بعد میں انہیں معلوم ہوا کہ سات کروڑ روپے کے سوال کے بارے میں ان کا اندازہ درست تھا، تاہم انہوں نے اپنے فیصلے پر افسوس کا اظہار نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پروگرام نے انہیں ایک کروڑ روپے جیتنے کا جو موقع دیا، وہ ان کے لیے کافی ہے اور اس رقم سے وہ اپنی پوری زندگی بدل سکتے ہیں۔

بھوشن کے مطابق ان کی سب سے بڑی خواہش ہے کہ اب ان کے والدین کو مزید مزدوری نہ کرنا پڑے اور وہ انہیں محنت مشقت سے آزاد زندگی فراہم کرسکیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں