اہم قانونی پیشرفت، ضمانت کی منظوری مل گئی، تاہم رہائی تاحال عمل میں نہ آ سکی
سیالکوٹ کے علاقے ڈسکہ میں معروف ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کے خلاف درج مقدمات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں فریقین کے درمیان راضی نامہ طے پا گیا ہے۔ دستاویزی ذرائع اور رپورٹس کے مطابق تھانہ صدر ڈسکہ میں درج دھمکیاں دینے کے مقدمہ نمبر 1026/26 میں مسٹر پتلو کی ضمانت منظور کر لی گئی ہے، جس کے بعد عدالت میں مچلکہ جات بھی جمع کروا دیے گئے ہیں۔
دوسری جانب تھانہ موترہ میں درج دو افراد ریحان اور عقیل کی ہلاکت کے مقدمہ نمبر 1335/26 میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثا نے ملزمان کو معاف کرنے کا اعلان کیا ہے۔ معاف کرنے والوں میں ریحان کی والدہ، 2 بہنیں اور 1 بھائی شامل ہیں جنہوں نے عدالت میں اپنے بیانات قلمبند کرائے ہیں۔ ورثا کی جانب سے عدالت میں دیے گئے بیانات میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹک ٹاکر مسٹر پتلو اور اس کا بھائی کاشف اس واقعے میں بے قصور ہیں۔
عدالتی کارروائی کے دوران ڈیوٹی مجسٹریٹ تکاثر احسان اور علاقہ مجسٹریٹ کاشان محمد علی نے فریقین کے راضی نامے کے بیانات قلمبند کیے۔ عدالت کی جانب سے اس مقدمے کی آئندہ سماعت کے لیے 30 نومبر کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ قانونی مراحل طے پانے اور ضمانتیں منظور ہونے کے باوجود مسٹر پتلو اور اس کا بھائی کاشف تاحال سیالکوٹ جیل میں قید ہیں۔