سیاسی بحران شدت اختیار کر گیا، نیتن یاہو کی پیشکش مسترد، اقلیتی حکومت کے قیام کا امکان۔
اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور اپوزیشن رہنما گادی آئزن کوٹ
اسرائیل میں اقتدار کی کشمکش اور سیاسی بحران شدت اختیار کر گیا ہے جہاں قومی اتحادی حکومت بنانے کی تمام کوششیں ناکام ہو گئی ہیں۔ وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور اپوزیشن رہنما گادی آئزن کوٹ کے درمیان ہونے والی اہم ملاقات بغیر کسی نتیجہ کے ختم ہو گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اپوزیشن رہنما گادی آئزن کوٹ نے نیتن یاہو کے ساتھ مزید ملاقاتیں نہ کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے، جو اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ اب ان کا سیاسی اتحاد اقلیتی حکومت بنانے کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ اس سے قبل نیتن یاہو نے اقتدار بچانے کے لیے ایک غیرمعمولی سیاسی پیشکش کرتے ہوئے گادی آئزن کوٹ کو باری باری وزارتِ عظمیٰ سنبھالنے کی تجویز دی تھی اور یہاں تک کہا تھا کہ وہ ابتدا میں خود وزارتِ عظمیٰ کا منصب چھوڑ کر آئزن کوٹ کو پہلا وزیراعظم بنانے کے لیے تیار ہیں۔
تاہم عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان بنیادی پالیسیوں اور امور پر شدید اختلافات برقرار رہے جس کے بعد گادی آئزن کوٹ نے نیتن یاہو اور ان کی جماعت لیکوڈ کے ساتھ تمام مذاکرات معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔ یائرلاپید نے بھی آئزن کوٹ پر زور دیا تھا کہ نیتن یاہو کو ساتھ ملائے بغیر حکومت تشکیل دی جائے۔
یاد رہے کہ 27 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات کے بعد اسرائیل میں حکومت سازی کا عمل شدید ڈیڈلاک کا شکار ہے۔ نیتن یاہو کی جماعت پارلیمنٹ میں سب سے بڑی جماعت ہونے کے باوجود مطلوبہ اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے، جبکہ صدر کی جانب سے حکومت بنانے کی دعوت پانے والے اپوزیشن رہنما آئزنکوٹ کے پاس آئینی مدت کے مطابق حکومت کی تشکیل کے لیے مہلت موجود ہے۔ مبصرین کے نزدیک حالیہ مذاکرات کی ناکامی نے نیتن یاہو کی طویل سیاسی حکمرانی کے خاتمے کی راہ ہموار کر دی ہے۔