شائع
میانمار میں شادی کی تقریب، اسکول اور رہائشی علاقوں سمیت مختلف مقامات پر فضائی حملوں کے نتیجے میں 50 سے زائد افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
میانمار میں فوجی فضائی حملوں کا سلسلہ فروری 2021 میں فوجی بغاوت کے بعد سے جاری خانہ جنگی کے دوران شدت اختیار کر گیا ہے۔ فوج نے اس وقت منتخب سویلین حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کر لیا تھا، جس کے بعد ملک بھر میں فوجی حکومت کے خلاف مزاحمتی تحریک شروع ہو گئی۔ سابق رہنما آنگ سان سوچی کی جماعت کی قیادت میں قائم جلاوطن نیشنل یونٹی گورنمنٹ (این یو جی) اور مختلف نسلی مسلح تنظیمیں فوجی حکومت کیخلاف برسرپیکار ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق ہفتے کی سہ پہر جنوبی میانمار کی ریاست شان کے گاؤں موئے بائی میں شادی کی تقریب پر فوج کے فضائی حملے کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد ہلاک اور 35 زخمی ہو گئے۔
اس کے علاوہ وسطی میانمار کے علاقے میگ وے کے گاؤں اِن یون میں ایک اسکول پر فضائی حملے میں بھی 20 شہری مارے گئے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں طلبہ، کم عمر بدھ راہب اور اساتذہ شامل ہیں۔ میانمار کی جلاوطن نیشنل یونٹی گورنمنٹ (این یو جی) نے ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔
اس کے علاوہ ہفتے کی شام مغربی میانمار کی ریاست راکھین کے شہر مراوک یو میں بھی فوج نے رات تقریباً 8 بجے ایک رہائشی علاقے کو نشانہ بنایا ، جس میں 10 سے زائد افراد ہلاک اور تقریباً 20 زخمی ہو گئے۔
مراوک یو کا مذکورہ علاقہ اراکان آرمی کے کنٹرول میں ہے، جو میانمار کی فوجی حکومت کے خلاف برسرپیکار طاقتور نسلی مسلح تنظیموں میں شمار ہوتی ہے۔تاہم میانمار کی فوجی حکومت نے ان حملوں پر تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
خیال رہے فوجی حکومت مخالف قوتوں کے زیرِ کنٹرول علاقوں میں فضائی ، زمینی کارروائیوں اور دیہات کو نذرِ آتش کیے جانے کے واقعات مسلسل رپورٹ ہوتے رہے ہیں۔ میانمار کی فوج ان علاقوں پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کے لیے فضائی طاقت کا استعمال کرتی رہی ہے، جس کے نتیجے میں شہری آبادی، تعلیمی ادارے اور دیگر غیر فوجی مقامات بھی متاثر ہوئے ہیں۔
دوسری جانب میانمار کی فوج کو روہنگیا مسلمانوں کے خلاف 2017 میں کیے گئے فوجی کریک ڈاؤن پر بھی عالمی سطح پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔ اس کارروائی کے دوران ہزاروں روہنگیا مسلمان ہلاک ہوئے جبکہ 7 لاکھ سے زائد افراد جان بچانے کے لیے ہمسایہ ملک بنگلہ دیش فرار ہوگئے تھے۔ میانمار کی فوج نے نسل کشی کے الزامات مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ کارروائی مسلح گروہوں کے حملوں کے جواب میں کی گئی تھی۔
تازہ فضائی حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب عالمی عدالت انصاف نے گزشتہ ہفتے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف نسل کشی کے مقدمے میں میانمار کو ذمہ دار قرار دیا ہے۔ اس پیش رفت نے میانمار کی فوجی حکومت پر عالمی دباؤ میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
