English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

5 ہزار پاکستانی اہل کاروں کو قطر میں سیکیورٹی کیلیے تعینات کیا جارہا ہے، قطری سفیر

القمر

 اسلام آباد: قطر کے سفیر نے کہا ہے کہ 5 ہزارپاکستانی سیکیورٹی اہلکاروں کو نئے اسٹیڈیمز کی سیکیورٹی کے لیے پانچ سالہ کنٹریکٹ پر رکھا جارہا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قطر کے سفیر نے مشیر سمندر پار پاکستانی ایوب آفریدی سے ملاقات کی جس میں قطر میں اوورسیز پاکستانیوں کو فروغ دینے اور انہیں سہولیات فراہم کرنے کے شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مشیر سمندر پار پاکستانی نے کہا کہ پاکستان قطر میں ہنر مند اور پیشہ ورانہ روزگار کی مارکیٹ تلاش کرنے کی کوشش کر رہا ہے، پاکستان نے كورونا وبا کے دوران 3500 سے زائد ڈاکٹروں، نرسوں اور ٹیکنیشنز کو کویت بھیجا اور 3000 مزید پائپ لائن میں ہیں، جبکہ اسی وقت سعودی عرب ایسے ہی سیکڑوں طبی پیشہ ور افراد کو بھی بھرتی کر رہا ہے، قطر کو ایک پرانا اچھا دوست ہونے کے ناطے ایسی ہی پیشکش کا جائزہ لینا چاہیے۔

قطری سفیر نے کہا کہ وزارت کی جامع تجویز کا انتظار کر رہے ہیں، ہنر مند ہجرت کے فروغ کے لیے حکومت کے ساتھ ایم او یوز پر دستخط کرنے کے لیے تیار ہیں، ہنر مند پاکستانیوں کی تعداد میں دس ہزار کا اضافہ کرکے مجموعی طور پر ایک لاکھ دس ہزار تک پہنچانے میں مدد کی ہے۔

قطری سفیر نے مزید کہا کہ قطر کی جانب سے 5 ہزار پاکستانی سیکیورٹی اہلکاروں کو 5 سالہ کنٹریکٹ پر نئے اسٹیڈیمز کے لیے رکھا جا رہا ہے، پاکستانی پروفیشنلز بالخصوص ڈاکٹرز اپنی مہارت کی وجہ سے عالمی شہرت رکھتے ہیں، اسلام آباد اور کراچی میں ریاستی دفاتر کے علاوہ پشاور اور لاہور میں دونوں ممالک کے لوگوں کی سہولت کے لیے جلد ہی نئے دفاتر کھولے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے