چین کے دارالحکومت بیجنگ میں سرمائی اولمپکس 2022 کا آغاز رنگارنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ ہوا، جہاں وزیراعظم عمران خان، روس کے صدر ولادیمیرپیوٹن سمیت کئی ممالک کے سربراہ شریک ہوئے۔
خبرایجنسی رائٹرز کے مطابق سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں چین کے صدر شی جن پنگ کے علاوہ روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن، پاکستان کے وزیراعظم عمران خان، ازبکستان کے صدر اور دیگر ممالک کے سربراہان نے شرکت کی۔
کووڈ-19 کے خطرات کے باوجود سخت قواعد کے ساتھ سرمائی اولمپکس کا آغاز ہوا، اس کے علاوہ امریکا سمیت متعدد ممالک نے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کرتے ہوئے سفارتی بائیکاٹ کا اعلان کردیا تھا۔
سفارتی بائیکاٹ کرتے ہوئے جن ممالک نے افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے اپنے سرکاری نمائندے نہیں بھیجے، ان میں امریکا، برطانیہ اور آسٹریلیا سرفہرست ہے۔
افتتاحی تقریب کا آغاز چین کے صدر شی جن پنگ اور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے چیئرمین تھامس بیچ کے برڈز نیسٹ اسٹیڈیم میں داخل ہوتے ہی ہوا جہاں گیمز میں شریک 91 ممالک کے جھنڈے لہرا رہے تھے۔
بیجنگ سرمائی اولمپکس کے ڈائریکٹر ژینگ یمو ہیں جنہوں نے بیجنگ سمر گیمز 2008 کے انتظامات بھی کیے تھے۔
افتتاحی تقریب میں 3 ہزار فن کاروں نے سرمائی اولمپکس میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا، جو بیجنگ اور قریبی صوبے ہیبے کے عام فن کار تھے اور اس کا عنوان ‘اسٹوری آف سنوفلیک’ تھا۔
ژینگ یمو نے کہا کہ افتتاحی تقریب کورونا کی عالمی وبا سمیت بدلے ہوئے عالمی منظرنامے کو پیش کر رہی ہے اور انہوں نے کہا کہ شرپسند طاقتیں چین کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ پیچیدہ عالمی صورت حال میں سرمائی اولمپکس چین کے عوام کے اعتماد، فخر اور محبت کا عکس ہوگی جو وہ دنیا کے لوگوں کے لیے رکھتے ہیں۔
افتتاحی تقریب میں وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ساتھ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور دیگر بھی شریک تھے۔
درجنوں ٹیمیں آئیں لیکن اسٹیڈیم میں اگر چین کے بعد کسی ٹیم کیلئے تالی بجی تو وہ پاکستان کی ٹیم تھی، عام چینی پاکستان سے محبت کرتا ہے اور یہ تالیاں اسی جذبے کا اظہار ہیں #WinterOlympics #ChinaPakfriendship pic.twitter.com/A9vHvXO04D
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) February 4, 2022
