سری نگر: کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے روز بھی قابض بھارتی فوج کی جارحیت میں 2 نوجوان شہید ہوگئے جب کہ دو صحافیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دنیا بھر میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کا دن منایا جا رہا ہے اور اس اہم دن پر بھی قابض بھارتی فوج اپنے ظالمانہ ہتھکنڈوں سے باز نہ آئی۔
جنت نظیر وادی کے سب سے بڑے شہر سری نگر میں قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔
دوسری جانب قابض بھارتی فوج کے انسانیت سوز مظالم کو بے نقاب کرنے والے دو صحافیوں کو حراست میں لے لیا۔ جس پر صحافیوں کی مقامی اور عالمی تنظیموں نے شدید احتجاج کیا۔
واضح رہے کہ آج 5 فروری کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا دن منایا جا رہا ہے جس کے دنیا بھر میں دوران ریلیاں نکالی گئیں اور احتجاجی مظاہرے کئے جا رہے ہیں۔
کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف بیلجیئم میں کار ریلی

برسلز: بھارتی بربریت اور ظلم وستم کے خلاف ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ اور پشتون آرگنائزیشن یورپ نے ملکر برسلز کے مشہور سیاحتی مقام آٹومیم سے کار ریلی نکالی جس کا اختتام سٹی برسلز گراں پلاس پر کیا گیا۔
ریلی کی قیادت پشتون آرگنائزیشن کے چیئرمین نوید خان اور صدر عرب گل ملاگوری نے کی۔جبکہ ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین چوہدری پرویز اقبال لوہسر نےخصوصی شرکت کی۔
کار ریلی میں مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کی گئی۔ مظاہرین نے اپنی گاڑیوں پر کشمیر اور پاکستان کے جھنڈے لگا رکھے تھے۔ انھوں نے بھارتی درندگی کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے۔
بعد ازاں آٹومیم کے مقام پر فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے اپنے مختصر خطاب میں عالمی برادری کو پیغام دیا کہ بھارت کشمیر کے اندر سنگین انسانی حقوق کی پامالیوں میں ملوث ہوکر وادی کشمیر کو نو گو ایریا بنا رکھا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ کشمیری عوام کو انکے حقوق دلوانے کےلیے بھارت پر دباؤ بڑھایا جائے۔ اور انہیں کشمیر کے اندر دہشت انگیز کاروائیوں سے روکا جائے۔
انھوں نے کہا کہ وہ یورپ بھر کے تمام ممالک میں احتجاجی مظاہروں کے ذریعے بھارت کے دوغلے چہرے کو دنیا میں ننگا کرکے رہیں گے۔ جبکہ پشتون آرگنائزیشن یورپ کے چیئرمین نوید خان نے کہا کہ ہم مودی سرکار کو یہ باور کرانا چاہتے ہیں کہ ہم حق کی خاطر کشمیری عوام کی آزادی تک ہرسطح پر بھارت کے ظلم وستم کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں۔
Kashmir rally Brussels pic.twitter.com/GWNaME3WGi
— Hamid ur Rehman (@HamidurRehman18) February 5, 2022
پشتون آرگنائزیشن یورپ کے صدر عرب گل ملاگوری نے کہا کہ ہندوستان نے مقبوضہ وادی کشمیر کو پانچ اگست 2019 میں یک طرفہ قدم اٹھا کر بڑی جیل میں تبدیل کردیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو زبردستی آتشی اسلحہ کے زور پر ختم کرکے کشمیری خواتین بچوں اور بڑوں کے ساتھ ظلم و زیادتی کا مرتکب ہورہا ہے۔ پروگرام میں اوورسیز پاکستانی کمیشن بلجیئم کے کوآرڈینٹر سید شاہد حسین شاہ نے بھی خطاب کیا۔
منبع: ایکسپریس نیوز
The post مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کی جارحیت میں 2 کشمیری نوجوان شہید، 2 صحافی گرفتار appeared first on شفقنا اردو نیوز.

