وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل، غیر جانبدار اور منتخب حکومت کے ساتھ ہے، وزیراعظم عمران خان سرخرو ہوں گے، اپوزیشن کو کچھ حاصل ہونے والا نہیں ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں ٹی وی، ٹی وی کھیلتی ہیں، ان کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں، مجھے یقین ہے کہ 23 مارچ کو لانگ مارچ کرتے ہوئے اسلام آباد نہیں آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل، غیر جانبدار اور منتخب حکومت کے ساتھ ہے، وزیراعظم عمران خان سرخرو اور مخالفین ناکام ہوں گے، اپوزیشن جماعتیں ہمارے اتحادیوں کے پاس بھی جا رہی ہیں لیکن اپوزیشن کو کچھ حاصل ہونے والا نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی سیاست ناکام ہے، ابھی حالیہ دنوں میں انہیں پارلیمنٹ میں شکست ہوئی ہے، اپوزیشن کہتی تھی کہ حکومت کے 20 لوگ ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں مگر ووٹنگ کے دوران ان کے ایم این ایز کی تعداد کم نکلی، مخالفین اپنے بندے پورے کرنے کی فکر کریں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اپوزیشن تحریک عدم اعتماد کا شوق بھی پورا کرلے، اسے ایک بار پھر ناکامی ہوگی، اس اپوزیشن میں مطلوبہ تعداد میں بندے پورے کرنے کی صلاحیت نہیں، اگر اپوزیشن اس قابل ہوتی تو ساڑھے 3 سال قبل ہی اپنی حکومت نہ بنالیتی۔
اسلام آباد:9 فروری
سیاست کے 50 اہم دنوں میں انشاء اللہ وزیر اعظم عمران خان سرخرو ہو نگے.23 سال بعد آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم پاکستان آرہی ہے.
وزیراعظم عمران خان روس کا اہم دورہ کرنے جا رہے ہیں.
اپوزیشن عدم اعتماد کیلئے ارکان پورے نہیں کرسکتی اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو pic.twitter.com/fhanX4LJNz
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) February 9, 2022
