ایرانی وزیر داخلہ ڈاکٹر احمد واحدی ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے جہاں ان کا استقبال ان کے پاکستانی ہم منصب شیخ رشید احمد نے کیا۔
ڈاکٹر واحدی کی آمد سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف کے گزشتہ ہفتے ملک کے دورے کے بعد ہوئی ہے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق 9 رکنی ایرانی وفد کا وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اور دیگر اعلیٰ عہدیداران نے استقبال کیا۔
Received His Excellency Dr. Ahmed Vahidi, Interior Minister of Islamic Republic of Iran as he reached #Pakistan on a day visit.
Matters of mutual Interest would the discussed at the delegation level meetings between Pakistan and Iran Interior ministries.@IRIMFA_EN pic.twitter.com/vUfK3XwckD— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) February 14, 2022
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری مختصر بیان میں بتایا گیا کہ اپنے ایک روزہ دورے کے دوران ایرانی وزیر داخلہ وزیر اعظم عمران خان اور دیگر حکومتی عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ملاقاتوں کے دوران ڈاکٹر واحدی اور پاکستانی حکام پاک ۔ ایران بارڈر مینجمنٹ اور قیدیوں کے تبادلے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
گزشتہ سال اکتوبر میں دونوں ممالک نے قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر مؤثر عمل درآمد کے لیے خصوصی کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا تھا۔
معاہدے کو پاکستان کی نمائندگی کرنے والے شیخ رشید احمد اور مجلس (ایرانی پارلیمنٹ) میں ایران پاکستان پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے اراکین کے درمیان ہونے والے اجلاس میں حتمی شکل دی گئی تھی۔
دونوں فریقین نے دہشت گردی اور انسانی اسمگلنگ پر قابو پانے کے لیے تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا اور مستحکم افغانستان کی تشکیل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
منبع: ڈان نیوز
The post ایرانی وفد کا دورہ پاکستان، ایرانی وزیر داخلہ کی پاکستانی ہم منصب سے ملاقات appeared first on شفقنا اردو نیوز.
