English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سندھ میں میٹرک کے امتحانات 17 مئی اور انٹر کے 15 جون سے لینے کا فیصلہ

القمر

 کراچی: محکمہ تعلیم سندھ نے صوبے میں میٹرک کے امتحانات 17 مئی اور انٹرمیڈیٹ کے 15 جون سے لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے نئے تعلیمی کیلنڈر کی بھی منظوری دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ کے وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ کی زیرصدارت محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ نویں اور دسویں بورڈ کے امتحانات 17 مئی سے ہوں گے اور نتائج کا اعلان 17 جولائی کو کیا جائے گا، بورڈز چیئرمین نے وزیر تعلیم کو یقین دہانی کروائی کہ طالب علموں کے رزلٹ دو ماہ میں دے دیں گے۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ فرسٹ ایئر اور سیکنڈ ایئر کے امتحانات 15 جون سے ہوں گے، صوبے میں چوتھی اور آٹھویں کے امتحانات دو مئی سے لیے جائیں گے۔

محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں تعلیمی کیلینڈر کی منظوری دی گئی، تمام تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھٹیاں یکم جون سے 31 جولائی تک ہوں گی جبکہ اسی دوراں ہائیر اسکولوں میں داخلے بھی ہوں گے۔ نئے تعلیمی سال کی کلاسز کا آغاز یکم اگست سے ہوگا۔

موسم سرما کی چھٹیاں 22 دسمبر سے 31 دسمبر تک ہوں گی۔ اجلاس میں نئے تعلیمی سال 2022-23 کی شروعات، نئے سال میں نویں، گیارہویں اور بارہویں میں داخلوں کا شیڈیول، امتحانات کا شیڈیول، اسپورٹس اور غیرنصابی سرگرمیوں کے علاوہ ویکیشنز کے بابت ایجنڈے پر گفتگو ہوئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے