English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

یوکرین۔روس جنگ میں شدت پیدا ہو گئی، پسپائی کی خبریں

القمر

 یوکرین کی جوابی کارروائیاں بڑھ رہی ہیں جس کے نتیجے میں روسی افواج یوکرین کے اہم مشرقی قصبوں سے پیچھے ہٹتی جا رہی ہیں۔

یوکرین کے حکام کا دعویٰ ہے کہ گزشتنہ روز ان کے فوجی روسی افواج کے لیے اہم مشرقی رسدمرکز کوپیانسک میں داخل ہوئے ہیں۔

اس کے بعد روس کی وزارت دفاع نے کہا کہ اس کے فوجی ایزیوم سے پیچھے ہٹے ہیں تاکہ وہ دوبارہ منظم ہوسکیں۔

روس کی وزارت دفاع نے تیسرے اہم قصبے بالاکلیہ سے فوجیوں کے انخلا کی بھی تصدیق کی تاکہ دونیسک کے محاذ پر مزید فوج بھجوا سکے۔

اگر یوکرین کی پیش قدمی اسی طرح جاری رہتی ہے تو اپریل میں کیئو سے روسی فوجیوں کے انخلا کے بعد، یہ دوسری اہم کامیابی ہو گی۔

گزشتہ شب ویڈیو خطاب میں، یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے دعویٰ کیا کہ یوکرین نے، اس ماہ کے شروع میں نئی جوابی کارروائیاں شروع کرنے کے بعد سے اب تک روس سے 2,000 مربع کلومیٹر علاقے کو آزاد کرا لیا ہے۔

اگر ان کے دعوے کو دیکھا جائے تو اس کا مطلب ہے کہ محض پچھلے 48 گھنٹوں میں نصف حصے پر دوبارہ قبضہ کر لیا گیا ہے، کیونکہ رقبے کے لحاظ سے یہ دوگنا علاقہ ہے جسے زیلنسکی کے دعوے کے مطابق آزاد کرایا گیا ہے ۔

روس کا ایزیوم سے انخلا کا اعتراف اہم ہے کیونکہ یہ ماسکو کے لیے ایک بڑا فوجی مرکز تھا۔

روسی بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک تین روزہ آپریشن کے دوران ایزیوم – بالاکلیہ گروپ کے دستوں کو منظم انداز میں دونیٹسک منتقل کیا گیا ہے۔

یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’روسی فوجیوں کو نقصان سے بچانے کے لیے دشمن کے فوجیوں پر آگ برسا کر انھیں شکست دی گئی۔‘

روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی تاس کے مطابق، تھوڑی دیر بعد، خارخیو کے روسی کنٹرول والے حصوں کے چیف ایڈمنسٹریٹر نے وہاں کے باشندوں کو جان بچانے کے لیے روس کی جانب نکل جانے کا مشورہ دیا۔

اور ہمسایہ  بیلگوروڈ  علاقے کے گورنر نے کہا کہ قطاروں میں سرحد پر آنے والے لوگوں کے لیے موبائل کیٹرنگ، ہیٹنگ اور طبی امداد دستیاب ہو گی۔

اس پیش رفت کو اس بات کی علامت کے طور پر دیکھا جائے گا کہ یوکرین کی فوج روس کے زیر قبضہ علاقے کو دوبارہ حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، یہ انتہائی اہم ہے کیونکہ کیئو اپنے مغربی اتحادیوں سے فوجی مدد مانگتا آیا ہے۔

یوکرین کے وزیر خارجہ دیمیترو کولیبا نے کہا کہ تازہ ترین پیش رفت سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس کی افواج روسی فوج کو شکست دینے کے قابل ہیں اور مزید مغربی ہتھیاروں سے جنگ کو تیزی سے ختم کر سکتی ہیں۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے